
وارانسی، 19 اکتوبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے وارانسی ضلع کے مرزا مراد علاقے میں روپاپور اوور برج پر پیر کی صبح تقریباً چھ بجے ایک کھڑی اسکارپیو کو پیچھے سے آنے والے ٹرک نے زوردار ٹکر مار دی۔ اس سڑک حادثے میں چار افراد کی موت ہو گئی، جبکہ چار دیگر زخمی ہو گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق، آٹھ افراد وندھیاچل میں درشن کرنے کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔ یاتری اوور برج پر اپنی اسکارپیو روک کر سیلفی لینے کے لیے گاڑی سے باہر نکل رہے تھےکہ اسی دوران پریاگ راج کی جانب سے آنے والے تیز رفتاراور بے قابو ٹرک نے کھڑی اسکارپیو کو پیچھے سے زور دار ٹکر مار دی۔
ٹکر اتنی شدید تھی کہ اسکارپیو کے پرخچے اڑ گئے۔ حادثے میں چار افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ چار دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی اور افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ آس پاس کے لوگوں نے پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔
اطلاع ملتے ہی مرزا مراد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقامی لوگوں کی مدد سے تباہ شدہ گاڑی میں پھنسے زخمیوں کو باہر نکالا۔ تمام زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے ٹراما سینٹر پہنچایا گیا۔
اے سی پی اجے کمار کے مطابق، مرنے والوں کی شناخت امن یادو، گولو، آلوک مشرا اور ایک دیگر شخص کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمیوں میں کنہیا یادو اور نکھل کمار کی حالت بھی تشویش ناک بتائی گئی ہے، جبکہ ایک زخمی کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی