
نئی دہلی، 19 اکتوبر ( ہ س):۔
مرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے حد بندی سے متعلق آئینی ترمیمی بل پر غور کے لیے کل جماعتی اجلاس بلانے کے مطالبے کے جواب میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کو خط لکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس معاملے پر اپوزیشن سے بات چیت کرنے اور اس کا تعاون حاصل کرنے کے لیے کئی مرتبہ کوششیں کی ہیں۔ رجیجو نے کانگریس سے اپیل کی کہ وہ بار بار وہی مطالبہ دہرانے کے بجائے بل پر تعمیری تعاون کرے۔
رجیجو نے پیر کے روز کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کو لکھے گئے خط میں ان کے 16 اکتوبر کے خط کا جواب دیا۔ کھڑگے نے اپنے خط میں وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی تھی کہ پارلیمنٹ میں حد بندی سے متعلق آئینی ترمیم پر غور کرنے سے پہلے کل جماعتی اجلاس بلایا جائے۔
رجیجو نے اس سوال کا جواب بھی دیا کہ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس 13 اگست کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی ہونے کے بعد بھی ایوان کی کارروائی کو باضابطہ طور پر غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا اعلان کیوں نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ آئین میں ایسی کوئی مدت مقرر نہیں ہے جس کے اندر ایوان کا اجلاس باضابطہ طور پر غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کرنا لازمی ہو۔ ماضی میں بھی کئی مرتبہ طویل وقفے تک اجلاس کو باضابطہ طور پر ملتوی نہیں کیا گیا۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ 2008 میں لوک سبھا کا اجلاس جولائی میں دو دن تک چلا تھا، جس کے بعد 17 اکتوبر کو دوبارہ اجلاس ہوا اور 24 اکتوبر کو اسے ملتوی کیا گیا۔ انہوں نے 1987، 1989، 2006، 2013 اور 1963 کی مثالیں بھی پیش کیں۔
رجیجو نے کہا کہ حکومت نے حد بندی ترمیمی بل پر کانگریس کا تعاون حاصل کرنے کے لیے 16 مارچ، 26 مارچ اور 12 اپریل 2026 کو خطوط لکھے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ذاتی طور پر بھی ملکارجن کھرگے اور مانسون اجلاس کے دوران لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کے ساتھ اس موضوع پر بات چیت کی گئی تھی۔
خط میں رجیجو نے کہا کہ کانگریس کی جانب سے بات چیت کے لیے کوئی تاریخ نہ ملنے کے بعد حکومت نے دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیا۔ وسیع تر اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے دراوڑ منیترا کزگم (ڈی ایم کے)، سماجوادی پارٹی، وائی ایس آر کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی)، شیو سینا (یو بی ٹی)، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) اور بیجو جنتا دل کے نمائندوں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا۔
رجیجو نے کہا کہ حکومت پارلیمانی جمہوریت اور تمام سیاسی جماعتوں کی شرکت کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کانگریس اہم بلوں پر بحث میں تعمیری کردار ادا کرے گی اور مستقبل میں قانون سازی کے کاموں میں رکاوٹ نہیں بنے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ