
کولکاتا، 19 اکتوبر (ہ س)۔
کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) نے بنگال کے مالا مال ثقافتی ورثے کو فروغ دینے اور خواتین کو بااختیار بنانے کے مقصد سے ایس ایچ ای کانتھا کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ اس پہل کے تحت کولکاتا کے انڈین میوزیم میں منعقدہ درگا پوجا کی خصوصی تقریب ’دیوی درگا: تھریڈز آف ڈیوینیٹی‘ کے ذریعے روایتی کانتھا کڑھائی اور خواتین کاریگروں کی خدمات کو نمایاں کیا گیا۔
انڈین میوزیم نے وزارتِ ثقافت کے تعاون سے پہلی مرتبہ اپنے احاطے میں درگا پوجا کا پنڈال قائم کیا۔ 11 اکتوبر کو افتتاح ہونے والی اس تقریب میں بنگال کی درگا پوجا کی روایت، کانتھا کڑھائی اور میوزیم کے ثقافتی ورثے کو ایک ہی پلیٹ فارم پر پیش کیا گیا۔ کے کے آر کی خصوصی نمائش میں کانتھا کاریگروں کے کام کو جگہ دی گئی، جب کہ ایک دوسری گیلری میں ایس ایچ ای کانتھا کے چار دہائیوں پر محیط سفر کو دکھایا گیا۔
17 اکتوبر کو درگا پوجا کے سپتَمی کے موقع پر کے کے آر کے کھلاڑی راہل ترپاٹھی اور سوربھ دوبے پنڈال پہنچے۔ انہوں نے کانتھا کاریگروں اور ’ساہسی رانیوں‘ سے ملاقات کی اور ان کے کام اور کوششوں کی ستائش کی۔
کے کے آر کی چیف مارکیٹنگ آفیسر بندا ڈے نے کہا کہ بنگال سے گہرے تعلق کی وجہ سے فرنچائز کی ذمہ داری صرف کرکٹ کے میدان تک محدود نہیں ہے۔ اس پہل کا مقصد روایتی فن کو محفوظ رکھنے والی خواتین کو شناخت دلانا اور ان کے لیے معاشی خود کفالت کے مواقع بڑھانا ہے۔
اس پروگرام میں کے کے آر کے ’ساہسی رانی‘ پروگرام کو بھی خاص اہمیت دی گئی۔ اس پہل کا مقصد محروم طبقات کی خواتین کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا اور ان کے لیے روزگار و معاش کے مواقع پیدا کرنا ہے۔ افتتاحی تقریب میں کلکتہ فاو¿نڈیشن سے وابستہ ساہسی رانیوں نے دھونوچی رقص کے ذریعے ماں درگا کا استقبال کیا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ