
وفد نے میمورنڈم میں مطالبہ کیا کہ مسجد میں بجلی پانی اور نماز کی ادائیگی بحال کی جائے اور انہدام سے بچایا جائے
نئی دہلی، 19 اکتوبر(ہ س )۔
جمعیة علماء ہند کے ناظم عمومی مولانا محمد حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں ایک وفد نے مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو سے ملاقات کرکے نئی دہلی میں مقبرہ صفدرجنگ کے عقب میں واقع ریس کورس مسجد اور اس سے متصل قبرستان کے تحفظ کا معاملہ اٹھایا۔ اس موقع پر وفد نے صدر جمعیة علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی جانب سے وزیر موصوف کو ایک تفصیلی میمورنڈم پیش کیاجس میں مسجد اور قبرستان کی مذہبی، تاریخی اور قانونی اہمیت کی طرف توجہ مبذول کراتے ہوئے ان کے تحفظ کے لیے فوری مداخلت کی گزارش کی گئی۔
میمورنڈم میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ریس کورس مسجد تاریخی اور مذہبی اعتبار سے اہمیت کے حامل ہیں اور ان کے حوالے سے سرکاری ریکارڈ میں اہم دستاویزی شواہد موجود ہیں۔ ان میں بالخصوص نئی دہلی میونسپل کونسل (NDMC) کی ہیرٹیج فہرست میں مسجد کا سلسلہ نمبر 22 پر اندراج، دہلی گزٹ 1977 میں سلسلہ نمبر 18 پر ذکر، نیز وزارتِ اقلیتی امور، حکومتِ ہند کی ویب سائٹ کی نظرِ ثانی شدہ فہرست میں پراپرٹی شناخت نمبرساتھ شمولیت اہم ہے۔
میمورنڈم میں مسجد اور قبرستان کی موجودہ صورتِ حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ مسجد میں نمازیوں کی آمدورفت پر پابندی، پانی اور بجلی کی فراہمی منقطع کیے جانے اور مسجد کے انہدام کے خدشات کے پیشِ نظر ان املاک کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
جمعیة علماء ہند نے وزیر اقلیتی امور سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور متعلقہ حکام بالخصوص دہلی وقف بورڈ اور نئی دہلی میونسپل کونسل (NDMC) سے تفصیلی رپورٹ طلب کریں۔ میمورنڈم میں یہ بھی گزارش کی گئی کہ سرکاری ریکارڈ کی مکمل جانچ، املاک کی قانونی حیثیت کی تصدیق اور نافذ قوانین و عدالتی احکامات کی پابندی یقینی بنائے بغیر مسجد یا قبرستان کے انہدام یا کسی بھی ایسی کارروائی سے گریز کیا جائے جس کے نتائج ناقابلِ تلافی ہوں۔ ساتھ ہی نمازیوں کی آمدورفت اور پانی و بجلی جیسی بنیادی سہولتوں کی بحالی پر بھی زور دیا گیا۔
جمعیة علماء ہندنے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ مسجد اور قبرستان کو انہدام سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام دستیاب قانونی چارہ جوئی اور دیگر جائز ذرائع اختیار کیے جائیں، تاکہ ان کی مذہبی و تاریخی اہمیت اور قانونی حیثیت برقرار رہ سکے۔وفد کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات اور خدشات کو بغور سماعت کرنے کے بعد وزیر اقلیتی امور شری کرن رجیجو نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے میں اپنی جانب سے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
وفد میں ناظم عمومی جمعیة علماء ہند کے علاوہ مولانا محمد قاسم نوری صدرجمعیة علماء صوبہ دہلی؛ مولانا قاری عارف قاسمی نائب صدر جمعیة علماء ہندصوبہ دہلی؛ حافظ یوسف اعظمی ناظمِ تنظیم جمعیة علماء ہند صوبہ دہلی ، مولانا ہارون را ہی امام وخطیب مسجد ریس کورس؛ مولانا ضیاء اللہ قاسمی سینئر آرگنائزر جمعی? علماء ہند اور مولانا ارشد ندوی شامل ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais