
کوٹا، 19 اکتوبر (ہ س)۔ ممبئی کے جوہو علاقے میں بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شراف کی گاڑی کو نشانہ بنا کر کی گئی فائرنگ کے معاملے میں تین مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ان میں ایک نابالغ بھی شامل ہے۔ تینوں کو کوٹا ریلوے اسٹیشن پر پونے–جے پور ایکسپریس کے جنرل ڈبے سے پکڑا گیا۔ تینوں جنرل ڈبے میں الگ الگ مقامات پر بیٹھے تھے اور ٹرین سے جے پور پہنچنے کے بعد بس کے ذریعے دہلی اور وہاں سے نیپال فرار ہونے کی کوشش میں تھے۔
سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر سوربھ جین نے بتایا کہ ممبئی پولیس اور متعلقہ تفتیشی ایجنسیوں سے موصول ہونے والی تکنیکی معلومات اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) اور کوٹا سٹی پولیس کی مشترکہ ٹیم نے فوری کارروائی کی۔ ملزمان کے بیرون ملک فرار ہونے کے خدشے کے پیش نظر ٹیم نے انہیں ٹرین کے آگے روانہ ہونے سے پہلے ہی حراست میں لے لیا۔ حراست میں لیے گئے مشتبہ افراد کی شناخت ہریانہ کے سونی پت کے رہائشی ریحان عرف سکّا (18 سال) اور بہار کے رہنے والے رتوک کُرمی عرف روشن فائٹر (22 سال) کے طور پر ہوئی ہے، جو فی الحال ممبئی کے اندھیری ویسٹ میں رہتا ہے۔ تیسرے مشتبہ شخص کی عمر کم ہے، اس لیے قانونی ضابطوں کے مطابق اس کی شناخت خفیہ رکھی گئی ہے۔
کوٹا کی ایس پی تیجسوینی گوتم نے بتایا کہ ممبئی پولیس سے ملزمان کے بارے میں اطلاع ملنے کے بعد پوری ٹیم کو متحرک کر دیا گیا۔ محض 15 منٹ میں پوری ٹرین کی تلاشی لی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ریحان عرف سکّا، رتوک کُرمی عرف روشن اور ایک نابالغ کو آج صبح 10 بج کر 18 منٹ پر کوٹا سے پکڑا گیا۔
ایس پی کے مطابق، تینوں ملزمان لارنس گینگ سے وابستہ ہیں۔ ریحان، لارنس گینگ کے انیل پنڈت کے رابطے میں تھا۔ اسی نے سونی پت کے ایک نابالغ کو بھی اپنے منصوبے میں شامل کیا تھا۔ بہار کا رہنے والا رتوک ریپیڈو چلاتا ہے اور ممبئی کے اندھیری ویسٹ میں رہتا ہے۔ وہیں ہریانہ کا ریحان اور نابالغ مزدوری کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حملہ آوروں کے پاس سے کوئی ہتھیار برآمد نہیں ہوا ہے۔ واردات کے فوراً بعد ہی وہ روانہ ہو گئے تھے۔
کوٹا سٹی ایس پی نے بتایا کہ تینوں ملزمان نیپال فرار ہونے کی کوشش میں تھے۔ اب پولیس انہیں ممبئی پولیس کے حوالے کرے گی۔ ممبئی پولیس حملہ آوروں کی تلاش میں مصروف تھی اور اسی نے کوٹا پولیس کو ان کے بارے میں اطلاع دی تھی۔ اتر پردیش کے نمبر پلیٹ والی گاڑی سے ممبئی پولیس کے تین افسران کوٹا پہنچے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اداکار ٹائیگر شراف اتوار کی شام تقریباً سات بجے اپنی گاڑی سے جوہو کے پشپا پارک سے نکل رہے تھے۔ وہ اگلی نشست پر بیٹھے تھے، جبکہ گاڑی ڈرائیور چلا رہا تھا۔ اسی دوران اچانک تین افراد نے ان کی گاڑی پر پانچ راؤنڈ فائرنگ کی۔
اس واقعے میں ٹائیگر کے ڈرائیور اور ایک دیگر شخص زخمی ہو گئے تھے۔ ٹائیگر اپنے ڈرائیور کو لے کر اسپتال پہنچے تھے۔ بعد ازاں لارنس گینگ نے فائرنگ کی ذمہ داری قبول کی۔
پولیس کے مطابق، ٹائیگر کو گولی نہیں لگی، تاہم ان کے بائیں ہاتھ پر بارود اور شیشے کے ٹکڑوں سے چوٹ آئی تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد