
علی شیر گاؤں کے قریب دردناک حادثہ؛ پانی پینے کے لیے سڑک کنارے رکے تھے مزدور، ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار
سنگرور، 18 اکتوبر (ہ س)۔
پنجاب کے ضلع سنگرور میں اتوار کی شام ایک دردناک سڑک حادثے میں آٹھ مزدوروں کی موت ہوگئی، جب کہ 13 دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ لہراگاگا-جاکھل روڈ پر علی شیر گاو¿ں کے قریب پیش آیا، جہاں ایک تیز رفتار کار نے سڑک کے کنارے بیٹھے مزدوروں کے ایک گروپ کو کچل دیا۔ مرنے والوں میں خواتین بھی شامل ہیں۔
پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرکے سنگرور کے علی شیر گاؤں میں پیش آنے والے اس بھیانک سڑک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ کو دو دو لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ زخمیوں کا مکمل علاج پنجاب حکومت کی جانب سے مفت کرایا جائے گا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کی روحوں کے سکون کے لیے دعا کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ فرار کار ڈرائیور کو جلد گرفتار کرکے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق، وکست بھارت گارنٹی روزگار مشن دیہی کے تحت کام کرنے والے تقریباً 25 مزدور موقع پر موجود تھے۔ ان میں سے کچھ مزدور پانی پینے کے لیے سڑک کے کنارے رکے ہوئے تھے۔ اسی دوران جاکھل کی طرف سے آنے والی تیز رفتار کار نے انہیں اپنی زد میں لے لیا۔
عینی شاہد کے مطابق، حادثہ شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کار نے پہلے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر ماری اور پھر بے قابو ہوکر مزدوروں کے گروپ میں جا گھسی۔ حادثے کے بعد موقع پر افراتفری مچ گئی اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔
سنگرور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ پلوِندر چیما کے مطابق، کار ڈرائیور گاڑی کو موقع پر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ کار پٹیالہ کے رہنے والے پرگٹ سنگھ کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔ پولیس فرار ڈرائیور کی تلاش کر رہی ہے اور حادثے کی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔
حادثے میں جان گنوانے والوں کی شناخت کرم جیت کور، جیون سنگھ، نکی، سربجیت کور، رنجیت کور، کرم جیت، رانی کور اور دیش راج کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ تمام افراد علی شیر اور اس کے آس پاس کے گاؤں کے رہنے والے تھے۔
ضلع ڈپٹی کمشنر پونم دیپ کور نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ زخمیوں کو ضروری طبی امداد فراہم کر رہی ہے۔
سنگرور کے سینئر میڈیکل افسر ڈاکٹر ونود کمار نے بتایا کہ اسپتال میں آٹھ افراد کو لایا گیا تھا، جن میں سے ایک کو مردہ حالت میں لایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ زخمیوں کی حالت مستحکم ہے، جب کہ دو افراد کو بہتر علاج کے لیے دوسرے اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ