
بھدوہی، 18 اکتوبر (ہ س)۔
اتر پردیش کے ضلع بھدوہی میں اتوار کو پیش آئے سڑک حادثے میں تین نوجوانوں کی موت ہوگئی۔ حادثے کی اطلاع ملنے پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مہلوکین کے غم زدہ اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ نے افسران کو فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر راحتی کارروائی میں تیزی لانے اور مہلوکین کے اہل خانہ سے رابطہ کرکے انہیں ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
پولیس کے مطابق، یہ حادثہ اورائی کوتوالی علاقے میں مہاراج گنج-اورائی سڑک پر اِٹوا اُپر وار کے قریب پیش آیا۔ یہاں ایک موٹر سائیکل بے قابو ہوکر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی اور اس کے بعد نالے میں جاگری۔ حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار تینوں نوجوانوں کی موت ہوگئی۔
مہلوکین کی شناخت میدنی پور گاوں کے رہنے والے وویک، سورج اور پنیت کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں کا تعلق ایک ہی گاوں سے تھا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی گاو¿ں میں غم کی لہر دوڑ گئی اور مہلوکین کے گھروں میں ماتم چھا گیا۔
اورائی کے سرکل افسر راجیو کمار سنگھ نے بتایا کہ حادثے میں تین نوجوانوں کی موت ہوئی ہے۔ پولیس نے تینوں لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کی کارروائی شروع کردی ہے۔ حادثے کی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ راحتی اقدامات اور ضروری کارروائی میں کسی قسم کی لاپروائی نہ برتی جائے۔ اس کے علاوہ مہلوکین کے اہل خانہ سے رابطہ قائم کرکے انہیں ضابطے کے مطابق ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ