
ایودھیا، 18 اکتوبر (ہ س)۔
آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے اتوار کو سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اور اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان میں ایودھیا سے انتخاب لڑنے کی ہمت نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور اکھلیش یادو کو ایودھیا سے انتخاب لڑنے کا چیلنج دینے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے یہ تبصرہ کیا۔
اس سے قبل ہیمنت بسوا سرما اتوار کو ایودھیا پہنچے۔ مہارشی والمیکی انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر پہنچنے پر بی جے پی کارکنوں نے ڈھول اور تاشوں کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دوسرا موقع ہوگا جب وہ رام للا کے درشن کریں گے۔ اس کے بعد انہوں نے شری رام جنم بھومی مندر اور ہنومان گڑھی میں حاضری دی اور پوجا ارچنا کی۔
کولکاتا کے ایک پوجا پنڈال میں پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آسام کے وزیر اعلیٰ نے اسے انتہائی افسوس ناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں وہ متاثرہ لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ متاثرین کو طبی امداد سمیت دیگر ضروری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
ایودھیا میں ہیمنت بسوا سرما کی آمد کے موقع پر بی جے پی کارکنوں اور عہدیداروں میں کافی جوش و خروش دیکھا گیا۔ درشن اور پوجا ارچنا کے بعد انہوں نے بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری ہریش دویدی کی والدہ کے انتقال پر بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اہل خانہ سے تعزیت کرنے کے لیے بستی جا رہے ہیں۔
اس موقع پر بی جے پی کے علاقائی صدر اودھیش دویدی، اراکین اسمبلی وید پرکاش گپتا، رام چندر یادو، ابھے سنگھ، چندر بھانو پاسوان، امت سنگھ چوہان، جنرل سکریٹری شیلیندر کوری اور پرمانند مشرا سمیت پارٹی کے دیگر عہدیداران اور کارکنان موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ