
علی گڑھ, 15 اکتوبر (ہ س) ۔
ایس ٹی ایس اسکول (منٹو سرکل) نے یومِ سرسید کی تقریبات کے تحت انٹر اسکول انگریزی تقریری مقابلے کا اہتمام کیا، جس نے یونیورسٹی کے مختلف اسکولوں کے طلبہ کو اپنی تقریری صلاحیتوں کے اظہار اور سرسید احمد خاں کے تعلیمی نظریات پر غور و فکر کا موقع فراہم کیا گیا۔
اے ایم یو میں اسکول ایجوکیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر مسٹر محمد اعظم خان نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ انھوں نے ابلاغی مہارتوں، مطالعے کی عادت اور آزادانہ فکر کی اہمیت پر زور دیا۔ اسکول ایجوکیشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مسٹر محمد عبدالقادر مہمانِ اعزازی تھے۔ انہوں نے طلبہ میں خود اعتمادی اور قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنے میں ہم نصابی سرگرمیوں کے کردار کو اجاگر کیا۔
اسکول کے پرنسپل مسٹر فیصل نفیس نے مہمانوں اور شرکاء کا خیرمقدم کیا اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی میں ادبی سرگرمیوں کی اہمیت بیان کی۔ راجہ مہندر پرتاپ سنگھ اے ایم یو سٹی اسکول کے سابق پرنسپل مسٹر سید تنویر نبی نے مقابلے میں جج کے فرائض انجام دیے۔ انہوں نے شرکاء کو اظہارِ خیال میں وضاحت، منطقی استدلال اور مجمع کے سامنے اعتماد کے ساتھ گفتگو کرنے کی صلاحیتیں فروغ دینے کی ترغیب دی۔
مقابلے میں سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول کے عبد الولی نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ ایس ٹی ایس اسکول کے صفات النبیؐ دوسرے اور اے ایم یو گرلز اسکول کی طیبہ نصرت تیسرے مقام پر رہیں۔ سینئر سیکنڈری اسکول (گرلز) کی انعم فاطمہ اور اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (بوائز) کے اسمر عرفات کو مشترکہ طور پر حوصلہ افزائی انعامات دیے گئے۔
پروگرام کے انعقاد میں ایس ٹی ایس اسکول کے نائب پرنسپل ڈاکٹر محمد عالمگیر، مسٹر محمد طارق، ڈاکٹر نسیم احمد، مسٹر ملک محمد ارشد، مسٹر فرحان حبیب، محترمہ عظمٰی خان، محترمہ سیدہ فاطمہ ہاشمی، مسٹر مدثر علی رضوی، محترمہ غزالہ تنویر اور ثقافتی سرگرمیوں کی کوآرڈینیٹر محترمہ نسرین فاطمہ نے تعاون کیا۔ پروگرام کی نظامت مس لبنیٰ رباب نے کی۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ