ایشیائی کھیلوں میں بھارتی کھلاڑیوں نے ترنگے کی شان بڑھائی: مودی
نئی دہلی، 15 اکتوبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ایشیائی کھیلوں میں بھارتی کھلاڑیوں کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ترنگے کی شان بڑھائی ہے۔ کھلاڑیوں کی کامیابیاں ملک کے کروڑوں لوگوں کے لیے باعثِ فخر ہیں اور ان کی کامیابی نوجوان
ایشیائی کھیلوں میں بھارتی کھلاڑیوں نے ترنگے کی شان بڑھائی: مودی


نئی دہلی، 15 اکتوبر (ہ س)۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے ایشیائی کھیلوں میں بھارتی کھلاڑیوں کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ترنگے کی شان بڑھائی ہے۔ کھلاڑیوں کی کامیابیاں ملک کے کروڑوں لوگوں کے لیے باعثِ فخر ہیں اور ان کی کامیابی نوجوان نسل کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دیتی ہے۔

وزیر اعظم نے جمعرات کو یہاں ایشیائی کھیل 2026 میں حصہ لینے والے بھارتی دستے سے ملاقات کی اور کھلاڑیوں سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف کھیلوں میں کھلاڑیوں کی کامیابیوں، خواتین کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی، کھیلوں کے فروغ کے لیے حکومت کی کوششوں اور مستقبل میں ہونے والے بین الاقوامی مقابلوں کی تیاریوں کا ذکر کیا۔

مودی نے خواتین کھلاڑیوں کی کامیابیوں کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے مجموعی 85 تمغوں میں سے 38 تمغے خواتین کھلاڑیوں نے حاصل کیے، جن میں 11 طلائی تمغے شامل ہیں۔ خواتین کھلاڑیوں کی یہ کارکردگی ملک کے لیے خصوصی فخر کا باعث ہے۔ ان کی کامیابیاں ثابت کرتی ہیں کہ مواقع، تربیت اور سہولتیں فراہم کیے جانے پر بھارتی بیٹیاں بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کرسکتی ہیں۔

وزیر اعظم نے خواتین کی ہاکی ٹیم کی تاریخی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا، ”خواتین کی ہاکی ٹیم نے طلائی تمغہ جیت کر 44 سال کے طویل انتظار کو ختم کردیا ہے۔“ انہوں نے اسے بھارتی کھیلوں کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی محنت، نظم و ضبط اور ٹیم اسپرٹ نے ملک کو فخر کا موقع فراہم کیا ہے۔ خواتین کی ہاکی ٹیم کی کامیابی آنے والی نسلوں کی لڑکیوں کو کھیلوں میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارتی مردوں کی ہاکی ٹیم نے بھی طلائی تمغہ جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ کرکٹ میں بھارتی مرد و خواتین ٹیموں کی کامیابی اور کبڈی میں دونوں ٹیموں کے طلائی تمغے جیتنے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مختلف کھیلوں میں بھارتی کھلاڑیوں کی کارکردگی ملک کی بڑھتی ہوئی کھیلوں کی صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے۔ تیر اندازی میں پانچ طلائی تمغے جیتنا بھی بھارتی کھلاڑیوں کی اہم کامیابیوں میں شامل رہا۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے کئی ایسے مقابلوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، جن میں پہلے بھارت کی کامیابیاں محدود رہی تھیں۔ مختلف کھیلوں میں نئے تمغوں کا حصول اور بہتر کارکردگی اس بات کا اشارہ ہے کہ ملک میں کھیلوں کے ہنر مند کھلاڑیوں کا دائرہ مسلسل وسیع ہورہا ہے۔ کھلاڑیوں کی کامیابی کے پیچھے ان کی سخت محنت، کوچوں کی رہنمائی اور بہتر تربیتی سہولتوں کا اہم کردار ہے۔

مودی نے کہا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کررہی ہے۔ کھیلوں کے شعبے کے لیے چھ ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ ’ٹارگیٹ اولمپک پوڈیم اسکیم‘ (ٹاپس) اور ’کھیلو انڈیا‘ جیسی پہل کے ذریعے کھلاڑیوں کو تربیت، مقابلوں کی تیاری اور ضروری سہولتیں فراہم کرنے پر زور دیا جارہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کھیلوں کی ترقی صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہنی چاہیے۔ ملک کے چھوٹے شہروں، قصبوں اور دیہات میں بھی صلاحیتوں کی شناخت کرکے انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ کھیلوں کی سہولتوں میں توسیع اور کھیلو انڈیا مراکز کے ذریعے مقامی سطح پر کھلاڑیوں کو تربیت حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانچ سے 15 سال کی عمر کے بچوں میں کھیلوں کی صلاحیتوں کی شناخت کرنا اور انہیں مناسب وقت پر تربیت دینا انتہائی اہم ہے۔ ابتدائی مرحلے میں صحیح رہنمائی ملنے سے کھلاڑی مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کے لیے بہتر انداز میں تیار ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے تجربات نئی نسل کے ساتھ شیئر کریں اور ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کریں۔

مودی نے کھیلوں کو عوامی شراکت داری سے جوڑنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بچوں اور نوجوانوں کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے ترغیب دینی چاہیے۔ کھیل صرف تمغے جیتنے کا ذریعہ نہیں ہیں بلکہ ان سے نظم و ضبط، خود اعتمادی، ٹیم اسپرٹ اور چیلنجز کا سامنا کرنے کی صلاحیت بھی پیدا ہوتی ہے۔ ان کا پیغام ہے، ”جو کھیلے گا، وہی کھلے گا۔“

وزیر اعظم نے کھلاڑیوں سے اپیل کی کہ وہ آئندہ بین الاقوامی مقابلوں کے لیے ابھی سے تیاری شروع کردیں۔ انہوں نے لاس اینجلس اولمپکس 2028، بھارت میں 2030 کے دولتِ مشترکہ کھیلوں اور 2036 کے اولمپک کھیلوں کی میزبانی کے لیے بھارت کی خواہش کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان اہداف کو حاصل کرنے کے لیے کھلاڑیوں، کوچوں، کھیلوں کی تنظیموں اور حکومت کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

مودی نے کہا کہ بھارت کے کھیلوں سے متعلق عزائم صرف تمغوں کی تعداد بڑھانے تک محدود نہیں ہیں۔ ملک کو بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے لیے ایک اہل میزبان کے طور پر بھی تیار کرنا ہے۔ کھیلوں کے فروغ سے تربیت، فٹنس، کھیلوں کے انتظام اور دیگر متعلقہ شعبوں میں روزگار اور کیریئر کے نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کھلاڑیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی کامیابیوں کے ذریعے ملک کی نوجوان نسل کو ترغیب دیں اور بھارت میں کھیلوں کی ثقافت کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی ملک کے اعتماد میں اضافہ کرتی ہے اور ان کی کامیابیاں آنے والے برسوں میں بھارتی کھیلوں کے لیے نئے اہداف طے کرنے کی تحریک دیتی ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande