
جماعت اسلامی ہند شاستری پارک یونٹ کے ہفتہ واری درسِ قرآن میں سور? طٰہٰ کے دوسرے رکوع کی تشریح
نئی دہلی ،15اکتوبر (ہ س )۔
جماعت اسلامی ہند شاستری پارک یونٹ کے زیرِ اہتمام ہفتہ واری درسِ قرآن کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں جناب عبدالغفار صاحب نے سور? طٰہٰ کے دوسرے رکوع کا ترجمہ و تفسیر بیان کرتے ہوئے حضرت موسیٰ علیہ السلام کے واقعے پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے قرآن مجید کی روشنی میں واضح کیا کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی رہنمائی فرماتا ہے اور حق کی دعوت دینے والوں کو نامساعد حالات میں بھی حوصلہ، صبر اور استقامت کے ساتھ اپنے مشن پر قائم رہنا چاہیے. انہوں نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کی دعا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اللہ تعالیٰ سے شرحِ صدر، کام میں آسانی، زبان کی روانی اور اپنے بھائی حضرت ہارون علیہ السلام کو مددگار بنانے کی درخواست کی۔ یہ دعا ہر اس شخص کے لیے بہترین رہنمائی فراہم کرتی ہے جو دین کی دعوت، اصلاحِ معاشرہ اور کسی اہم ذمہ داری کی ادائیگی کے لیے کوشاں ہو۔ انسان کو اپنی صلاحیتوں پر ناز کرنے کے بجائے اللہ تعالیٰ سے مدد طلب کرنی چاہیے اور اپنی کمزوریوں کے اعتراف کے ساتھ اس کے حضور دعا کرنی چاہیے۔
درس میں اس بات پر بھی توجہ دلائی گئی کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام اور فرعون کا واقعہ محض ایک تاریخی قصہ نہیں، بلکہ اس میں آج کے انسانوں کے لیے بھی گہرے اسباق موجود ہیں۔ تکبر، اقتدار کا غرور اور حق کو قبول کرنے سے انکار انسان کو تباہی کی طرف لے جاتا ہے، جب کہ ایمان، عاجزی، صبر اور اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسا انسان کو ثابت قدم رکھتا ہے۔
آخر میں اس بات کی اہمیت اجاگر کی گئی کہ قرآن مجید کو محض تلاوت تک محدود نہ رکھا جائے، بلکہ اس کے پیغام کو سمجھ کر اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں نافذ کرنے کی کوشش کی جائے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام کی سیرت سے یہ سبق ملتا ہے کہ حق بات حکمت کے ساتھ کہی جائے، اللہ تعالیٰ سے مدد مانگی جائے اور ہر حال میں اس کے احکامات پر عمل کرنے کا عزم برقرار رکھا جائے۔۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais