
علی گڑھ, 15 اکتوبر (ہ س)۔
اے ایم یو گرلز اسکول میں جشن یوم سرسید کے تحت ثقافتی پروگرام اور تقسیم انعامات کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر سرسید احمد خان کے تعلیمی نظریات اور ان کے ورثہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ادبی اور تخلیقی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
علی گڑھ کی ضلع و سیشن عدالت کے سینئر وکیل، اقلیتی حقوق کے کارکن اور‘‘فرام یروشلم ٹو علی گڑھ: اے بریف ہسٹری آف کرشچیئنٹی اِن انڈیا’’ کے مصنف مسٹر آسمنڈ چارلس نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ اسکول کی پرنسپل آمنہ ملک نے ان کا خیرمقدم کیا اور ادارے سے ان کی وابستگی کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مسٹر چارلس نے 1950 کی دہائی کے اواخر میں عبداللہ ہائی اسکول میں تعلیم حاصل کی تھی۔
اپنے زمانہ طالب علمی کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر چارلس نے سرسید احمد خان کے سیکولر اور ترقی پسند نظریات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور خواتین کی تعلیم کے فروغ میں شیخ عبداللہ اور اعلیٰ بی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ مادّی آسائشوں کے مقابلے میں علم، حکمت اور مثبت رویے کو ترجیح دیں اور فکری نشوونما کے ساتھ مضبوط اخلاقی اقدار کو اپنائیں۔
اس موقع پر انٹر اسکول مضمون نویسی مقابلہ اور کارڈ سازی، اردو نویسی، نظم خوانی، سلاد سازی، بغیر آگ کے کھانا پکانے اور پوسٹر سازی کے مقابلے منعقد ہوئے۔ مضمون نویسی کے مقابلے میں اے ایم یو گرلز اسکول کی سید نور فاطمہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ اے ایم یو سٹی گرلز ہائی اسکول کی صالحہ قمر دوسرے اور اے ایم یو اے بی کے ہائی اسکول (گرلز) کی دیپ شکھا، ایس ایس ایس (گرلز) کی سمیرا ارشاد اور سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول کے محمد ولی حسن مشترکہ طور سے تیسرے مقام پر رہے۔
سلاد سازی میں سمرہ عادل اور عافیہ نعیم نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اردو نویسی میں ماہرہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ نظم خوانی کے مقابلے میں سدرہ خان سرفہرست رہیں۔ کارڈ سازی میں ورنیکا ورما نے پہلا انعام حاصل کیا، جبکہ بغیر آگ کے کھانا پکانے کے مقابلے میں رِضا اور عالیہ زینب نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
انگلش سوسائٹی کی سکریٹری آفریں فاطمہ نے پروگرام کی نظامت کی، جبکہ نصرت پروین نے انعام یافتگان کے ناموں کا اعلان کیا۔کلچرل کوآرڈینیٹر عرشی ظفر خان نے تقریب کی انچارج زیبا نواز، بشریٰ کرمانی، ارم صبا، شبنم اعجاز، تعبیر اور شادمہ ثنا کے تعاون سے پروگرام کو مربوط کیا۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ