
نئی دہلی، 14 اکتوبر (ہ س)۔ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) کی چیئرپرسن ڈی تھارا نے 10 اکتوبر کو 45 میٹرو اسٹیشنوں کے داخلی اور خارجی دروازے عارضی طور پر بند کیے جانے کے معاملے میں سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کرکے غیر مشروط معافی مانگی ہے۔ یہ معاملہ سپریم کورٹ کی ہدایات کی مبینہ خلاف ورزی سے متعلق ہے۔
ڈی ایم آر سی کی چیئرپرسن نے عدالت سے غیر مشروط معافی طلب کرتے ہوئے توہین عدالت کے نوٹس سے بری کیے جانے کی درخواست کی ہے۔ڈی ایم آر سی نے عدالت کو بتایا کہ 10 اکتوبر کو میٹرو کی کسی بھی ٹرین سروس کو منسوخ نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس میں کمی کی گئی۔ اس روز مقررہ 4,157 ٹرین ٹرپس کامیابی کے ساتھ چلائی گئیں۔ دہلی کے مجموعی 303 میٹرو اسٹیشنوں میں سے 258 اسٹیشن، یعنی 85 فیصد سے زیادہ، مسافروں کے لیے مکمل طور پر کھلے اور قابل رسائی تھے۔
ڈی ایم آر سی کے مطابق،نظم وضبط کی صورت حال اور پولیس کی ہدایات کی بنیاد پر صرف 45 اسٹیشنوں پر داخلے اور باہر نکلنے پر عارضی پابندیاں عائد کی گئی تھیں، جنہیں رات 10 بجے ہٹا لیا گیا۔ پابندیوں اور احتجاجی مظاہروں کے باعث 10 اکتوبر کو میٹرو میں تقریباً 32 لاکھ مسافروں نے سفر کیا، جب کہ عام طور پر مہینے کے دوسرے ہفتے کے ہفتہ کو یہ تعداد تقریباً 58 لاکھ ہوتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد