ریلوے کے 11.40 لاکھ غیر گزیٹیڈ ملازمین کو دیوالی پر 78 دن کا بونس
نئی دہلی، 14 اکتوبر (ہ س)۔ مرکزی کابینہ نے ریلوے کے 11.40 لاکھ غیر گزیٹیڈ ملازمین کو 78 دن کے کام کی کارکردگی پر مبنی بونس دینے کی منظوری دے دی ہے۔ اس پر تقریباً 2,009.61 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کو منعقدہ کابینہ
بونس


نئی دہلی، 14 اکتوبر (ہ س)۔ مرکزی کابینہ نے ریلوے کے 11.40 لاکھ غیر گزیٹیڈ ملازمین کو 78 دن کے کام کی کارکردگی پر مبنی بونس دینے کی منظوری دے دی ہے۔ اس پر تقریباً 2,009.61 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کو منعقدہ کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا۔

اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے میڈیا کو کابینہ کے فیصلوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ریلوے ملازمین کے لیے 78 دن کے بونس کو منظوری دی گئی ہے، جس سے تقریباً 11.40 لاکھ ملازمین کو فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے کہا، ’’یہ محنتی ریلوے ملازمین کے لیے دیوالی کا تحفہ ہے، جو دن رات کام کرتے ہیں۔ جب ہم تہوار مناتے ہیں، اس وقت وہ میدانوں میں، ریلوے پٹریوں پر، انجنوں کے اندر اور ورکشاپوں میں دن رات اپنی خدمات انجام دیتے ہیں۔ ایسے تمام ریلوے ملازمین کے لیے تقریباً 2,009 کروڑ روپے کا یہ بونس دیوالی کا تحفہ ہے۔‘‘

ویشنو نے بتایا کہ 2014 سے اب تک ریلوے میں تقریباً 5.5 لاکھ افراد کی بھرتی کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں 1.65 لاکھ خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل شروع ہو چکا ہے اور امتحانات جاری ہیں۔ حال ہی میں تقریباً 37 ہزار افراد کو مستقل روزگار فراہم کیا گیا ہے۔

وزیر نے کہا، ’’عملی طور پر ریلوے کے کل 12 لاکھ ملازمین میں سے تقریباً نصف کی بھرتی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) حکومت کے دورِ اقتدار میں ہوئی ہے۔‘‘

ریلوے ملازمین کو ہر سال درگا پوجا اور دشہرہ کے آس پاس ان کے کام کی کارکردگی کی بنیاد پر بونس دیا جاتا ہے۔ اس مرتبہ اہل ملازمین کو 78 دن کی تنخواہ کے برابر بونس ملے گا۔ فی اہل ملازم بونس کی زیادہ سے زیادہ رقم 17,951 روپے مقرر کی گئی ہے۔

اس بونس سے ٹریک مینٹینر، لوکو پائلٹ، ٹرین منیجر (گارڈ)، اسٹیشن ماسٹر، سپروائزر، ٹیکنیشن، ٹیکنیشن ہیلپر، پوائنٹس مین، دفتری عملے اور گروپ ’سی‘ کے دیگر ملازمین کو فائدہ پہنچے گا۔

ریلوے نے مالی سال 2025تا2026 میں 167 کروڑ ٹن مال برداری کی، جو اب تک کا ریکارڈ ہے۔ اس دوران تقریباً 741 کروڑ مسافروں نے ریلوے کے ذریعے سفر کیا۔ حکومت کے مطابق، ریلوے کے آپریشنز اور مال و مسافر برداری کی کارکردگی بہتر بنانے میں ملازمین کی محنت اور تعاون نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

ہندستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande