
۔پاکستانی مارکنگ والی مہر لگے پیکٹ بھی ضبط
چنڈی گڑھ، 14 اکتوبر (ہ س)۔ پٹھان کوٹ پولیس نے دو مرحلوں میں کارروائی کرتے ہوئے سرحد پار سے چلائے جا رہے ہیروئن اسمگلنگ نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا ہے۔ اس دوران ایک خاتون سمیت دو کارندوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 7.823 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
پنجاب پولیس کے ڈائریکٹر جنرل گورو یادو نے بدھ کو بتایا کہ گرفتار ملزمین کی شناخت امرتسر دیہی علاقے کے گاوں وڈالا کے رہنے والے گرپنتھ اور اس کی ساتھی گرداس پور ضلع کے دھیان پور کی رہائشی ہرمن جیت کور کے طور پر ہوئی ہے۔
ڈی جی پی گورو یادو نے کہا کہ اس نیٹ ورک کے آگے اور پیچھے کے روابط کا پتا لگانے، مالی لین دین کی جانچ کرنے اور اس میں شامل دیگر افراد کی شناخت کے لیے ڈیجیٹل اور تکنیکی تجزیے سمیت مزید تفتیش جاری ہے۔
پٹھان کوٹ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) من پریت سنگھ نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے اسپیشل برانچ پٹھان کوٹ کی ٹیم نے مشتبہ گرپنتھ کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے 590 گرام ہیروئن برآمد کی۔
انہوں نے بتایا کہ مسلسل پوچھ گچھ اور ملزم کے موبائل فون کی فارینزک جانچ کے بعد پولیس ٹیموں کو اہم سراغ ملے، جس کی بنیاد پر فتح گڑھ چوڑیاں میں واقع ایک کرائے کے مکان پر چھاپہ مارا گیا۔ اس کارروائی کے دوران اس کی خاتون ساتھی ہرمن جیت کور کو گرفتار کیا گیا اور اس کے قبضے سے مزید 7.233 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔ اس طرح مجموعی طور پر 7.823 کلوگرام ہیروئن ضبط کی گئی۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں سرحد پار روابط کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس نے پاکستانی نشانات والی خصوصی مہریں لگے پیکٹ بھی برآمد کیے ہیں۔ دونوں ملزمین کے ڈیجیٹل اور تکنیکی رابطوں کی جانچ کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ منشیات کی کھیپ سے متعلق ویڈیوز کے علاوہ مالی لین دین اور بینک کھاتوں کی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں، جن سے تفتیش میں مزید اہم انکشافات ہونے کی توقع ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد