
دہلی،14 اکتوبر (ہ س)۔مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر محترم مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی نے اخبار کے نام جاری ایک بیان میںشاہ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ، ریاض پر حوثیوں کے دہشت گردانہ حملہ کی شدید مذمت کی ہے، جس میں 12افراد ہلاک اور نو ملکوں کے تین سو نو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ اور اسے نہایت بزدلانہ وبدبختانہ عمل ،دین وایمان ، شریعت ، انسانیت اوربین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی اور جنگی جرم قرار دیا ہے۔جس کا مرتکب حوثی ٹولہ مسلسل ہورہاہے اور وہ یمن کی آئینی حکومت کے خلاف بغاوت اور اس میں فتنہ و فساد کی سرکوبی سے بوکھلا ہٹ میں یہ مذموم حرکتیں کررہا ہے۔
امیر محترم نے مزید کہا کہ حوثیوں کی اس دہشت گردانہ اور ناپاک حملے نے پھر اس کے تمام ترجھوٹے مزاعم کی پول کھول دی ہے کہ وہ اسلام اور مسلمانوں کے حامی ہیں ،کیونکہ سعودی عرب کے مختلف شہروں اور شہریوں کو باربار نشانہ بنانے کے ساتھ وقفہ وقفہ سے مکہ مکرمہ ،مدینہ منورہ اور مقدس مقامات کو نشانہ بنانا ، اس پر حملہ کرنا اور کسی بھی طرح سے اس کے امن سے کھلواڑ کرنااسلام انسانیت اور ہرطرح کے قانون مخالف عناصر کاہی کام ہوسکتا ہے ۔
امیر محترم نے اپنے بیان میں کہاکہ سعودی حکومت خصوصاًاس کے فرمانرواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان آل سعود حفظہما اللہ ورعاہما کی فعال،ذمہ دار اور مضبوط قیادت میں بلادحرمین شریفین مکمل طورپر محفوظ ہے۔اوروہ پورے طورپر اہل ہے کہ اس کی طرف اٹھنے والے ہر فتنہ اورہر حملہ کوپوری دینی بصیرت، ایمانی جرأت اور عسکری قوت کے ذریعہ ناکام بنادے۔ امیر محترم نے کہا کہ مسلمانان عالم اور تمام انصاف پسند افراد و ممالک مملکت سعودی عرب ،جو انسانیت نوازی میں اپنی مثال آپ ہے اور جو سب کے ساتھ خوشگوار تعلقات رکھنے کا علمبردار ہے، کے خلاف ہر سازش اور فتنہ کو ناپسند کرتے ہیں اور جو بھی اس کے اندر فساد پھیلانے اور نقصان پہچانے کی کوشش کرتا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں اور سعودی عرب کے اس سلسلے میں دفاعی اقدامات کو حق بجانب سمجھتے ہوئے اس کی پر زور تائید کرتے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais