
بنگلور، 14 اکتوبر(ہ س)۔ آل انڈیا ملی کونسل کے مرکزی معاون جنرل سکریٹری جناب سلیمان خان نے آل انڈیا ملی کونسل کے مرکزی رکنِ تاسیسی و رکنِ عاملہ اور ملی کونسل آسام کے صدر محترم حافظ رشید احمد چودھری صاحب کو آسام، ناگالینڈ، میزورم، اروناچل پردیش اور سکم کی حال ہی میں تشکیل شدہ مشترکہ بار کونسل کا متفقہ صدر منتخب کیے جانے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
آل انڈیا ملی کونسل کے مرکزی دفتر سے جاری کردہ اپنے تہنیتی پیغام میں سلیمان خان نے کہا کہ یہ انتخاب محترم حافظ رشید احمد چودھری صاحب کی قائدانہ صلاحیتوں، ان کی علمی و ملی خدمات، قانونی حلقوں میں ان کے اعتماد اور ان کی مقبولیت کا روشن مظہر ہے۔ پانچ ریاستوں کے نومنتخب ارکانِ بار کونسل کی جانب سے ان پر متفقہ اعتماد کا اظہار یقیناً ان کی شخصیت اور صلاحیتوں کا ایک اہم اعتراف ہے۔انہوں نے کہا کہ محترم حافظ رشید احمد چودھری صاحب ایک فعال ملی رہنما کی حیثیت سے آل انڈیا ملی کونسل کے مقاصد کے فروغ اور ملت کی اجتماعی و سماجی خدمت کے لیے مسلسل سرگرمِ عمل ہیں۔ ملی کونسل آسام کے صدر کی حیثیت سے ان کی خدمات اور تنظیمی وابستگی قابلِ قدر ہیں۔ ان کا اس اہم قانونی ادارے کی صدارت کے لیے منتخب ہونا نہ صرف ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، بلکہ آل انڈیا ملی کونسل کے تمام وابستگان اور ملت کے بہی خواہوں کے لیے بھی باعثِ مسرت و افتخار ہے۔سلیمان خان نے امید ظاہر کی کہ محترم حافظ رشید احمد چودھری صاحب اپنی بصیرت، تجربے، دیانت داری اور قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پانچوں ریاستوں کے وکلائ کی مؤثر نمائندگی، بار کونسل کے ادارہ جاتی استحکام، قانونی پیشے کے وقار کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے نظام کو مزید بہتر بنانے میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔ ان کی قیادت میں بار کونسل وکلائ کی فلاح و بہبود، نوجوان وکلائ کی حوصلہ افزائی اور قانونی خدمات کے معیار کو بلند کرنے کے لیے نئی جہتیں متعین کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ملت کو ایسے باصلاحیت، باکردار اور فعال افراد کی ضرورت ہے جو مختلف میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کے ذریعے مثبت تبدیلی لائیں اور سماج و ملک کی تعمیر و ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں۔ محترم حافظ رشید احمد چودھری صاحب کا یہ انتخاب اسی سمت میں ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔آخر میں سلیمان خان نے محترم حافظ رشید احمد چودھری صاحب کو ایک مرتبہ پھر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں اس نئی ذمہ داری کو بہترین انداز میں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے، ان کی خدمات کو قبول فرمائے اور انہیں عدل و انصاف، ملت کی فلاح اور ملک و سماج کی ترقی کے لیے مزید مؤثر کردار ادا کرنے کا ذریعہ بنائے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais