
محترمہ شہلا حیدر کے انتقال پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سوگوار، تعلیم نسواں کے لیے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا
علی گڑھ، 14 اکتوبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے اپنی ممتاز سابق طالبہ شہلا حیدر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ان کے کنبہ نے علی گڑھ میں خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں، جنہیں ہمیشہ قدر و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔ شہلا حیدر، اے ایم یو کے ویمنس کالج کی پہلی پرنسپل ممتاز جہاں حیدر اور معروف سائنس داں پروفیسر حیدر خان کی صاحبزادی تھیں۔ وہ اے ایم یو کی تاریخ سے گہرا تعلق رکھنے والے شیخ عبداللہ عرف پاپا میاں اور اعلیٰ بی کے نام سے معروف وحید جہاں بیگم کی نواسی تھیں۔ ان دونوں شخصیات کی مخلصانہ کوششوں نے علی گڑھ میں خواتین کی تعلیم کی بنیاد استوار کی۔ شہلا حیدر ممتاز سفارت کار و دانشور سلمان حیدر کی بہن بھی تھیں۔
وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ‘‘شہلا حیدر کا انتقال ان تمام لوگوں کے لیے ایک بڑا نقصان ہے جو علی گڑھ کے شاندار تعلیمی و سماجی ورثے سے محبت رکھتے ہیں۔ خواتین کی تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی زندگیاں وقف کرنے والے علمبرداروں کے کنبہ سے تعلق رکھنے والی محترمہ شہلا حیدر نے ہمدردی، خدمت اور سماجی ذمہ داری کی اقدار کو آگے بڑھایا۔ ضرورت مندوں کے لیے ان کی فیاضی اور ویمنس کالج سے ان کی دیرینہ وابستگی علی گڑھ اور اس کے اصولوں سے ان کی گہری محبت کی عکاس تھی۔ ان کی یاد ہمیشہ مشعلِ راہ بنی رہے گی اور خواتین کی تعلیم کے لیے ان کے کنبہ کی خدمات کو ہمیشہ یاد کیا جاتا رہے گا۔’’
محترمہ شہلا حیدر صحافت کے شعبے سے وابستہ رہیں ۔ انھوں نے ڈائریکٹریٹ آف ایڈورٹائزنگ اینڈ ویژول پبلسٹی (ڈی اے وی پی) کی ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے ساتھ انہوں نے سماجی خدمت اور فلاحی سرگرمیوں کے ذریعہ بھی نمایاں شناخت قائم کی۔ وہ ضرورت مند کنبوں اور بالخصوص ان لڑکیوں کی مالی مدد کرتی تھیں جنہیں شادی کے اخراجات پورے کرنے کے لیے تعاون درکار ہوتا تھا۔ دوسروں کی مدد کے لیے اپنے وسائل بروئے کار لانے کے جذبے اور فیاضی کے باعث انہیں وسیع پیمانے پر قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔
شہلا حیدر اے ایم یو کی سماجی و ثقافتی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی رکھتی تھیں اور ویمنس کالج کی یومِ تاسیس کی تقریبات میں باقاعدگی سے شرکت کرتی تھیں۔ اس طرح وہ ادارے اور اس کے بنیادی مقاصد سے اپنی وابستگی کو برقرار رکھے ہوئے تھیں۔ اے ایم یو برادری غم زدہ کنبہ کے دکھ میں شریک ہے اور شہلا حیدر کی خدمات، فیاضی اور علی گڑھ کے تعلیمی ورثے سے ان کی دیرینہ وابستگی کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ