
مقدس مقامات پر حاضری دینے والوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا سنگین جرم ہے، شیخ صالح الفوزانریاض،13اکتوبر(ہ س)۔ سعودی عرب کے مفتیِ اعظم اور مجلسِ علمائے کرام و سائنسی تحقیقات و افتائ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر صالح الفوزان نے حوثی ملیشیا کو شرپسندوں کا گروہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہری تنصیبات اور بے گناہ افراد کو نشانہ بنانے جیسے جرائم کی سنگینی انتہائی زیادہ ہے۔
شیخ صالح الفوزان نے کہا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے شہری مقامات پر حملے اور بے گناہ لوگوں کی جانیں لینا قابلِ مذمت عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان جرائم سے متاثر ہونے والوں میں وہ افراد بھی شامل ہیں جو مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں حاضری دیتے ہیں۔
سعودی مفتیِ اعظم نے کہا کہ مقدس مقامات اور بیت اللہ الحرام میں عبادت کے لیے آنے والوں کو نشانہ بنانا ایک سنگین اور قابلِ مذمت طرزِ عمل ہے۔ ان کے بقول، ایسے جرائم انجام دینے والے گروہ کا انجام ہلاکت اور بھیانک عاقبت کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔
انہوں نے اس سے قبل بھی یمن میں امن و استحکام کی بحالی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے حوثی جماعت کو شرپسند عناصر کا گروہ قرار دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس جماعت نے حکمرانوں کے خلاف بغاوت کی اور کئی برس تک ملک میں بدامنی اور فتنوں کو ہوا دی، جس کے نتیجے میں یمن اور اس کے عوام شدید تقسیم کا شکار ہوئے۔شیخ صالح الفوزان نے حوثی جماعت کو دشمنوں کی سازش قرار دیتے ہوئے اس کے نظریات اور طریقہ کار پر بھی تنقید کی اور کہا کہ یمن میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ ملک میں بدامنی اور انتشار کا خاتمہ ہو۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan