
رام پور، 13 اکتوبر (ہ س)۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی چار رکنی ٹیم نے منگل کو سماج وادی پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم خان سے رام پور جیل میں کئی گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ اس سے پہلے اس معاملے میں سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی نصیر احمد خان سمیت کئی دیگر افراد سے بھی پوچھ گچھ کی گئی تھی۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، لکھنؤ سے ای ڈی کی ٹیم منگل کی صبح رام پور جیل پہنچی۔ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد سابق وزیر اعظم خان سے پوچھ گچھ شروع کی گئی، جو تقریباً آٹھ گھنٹے تک جاری رہی۔
بتایا جاتا ہے کہ ٹیم نے جوہر ٹرسٹ اور اس سے متعلق مالی لین دین کے معاملے میں سوالات کیے۔ پوچھ گچھ کے دوران ٹرسٹ کے فیصلوں میں اعظم خان کے کردار، چندہ حاصل کرنے اور جوہر یونیورسٹی کی تعمیر سے متعلق امور پر بھی سوال جواب کیے گئے۔
اس سے قبل رام پور کی چمراوا سیٹ سے سماج وادی پارٹی کے رکن اسمبلی نصیر احمد خان سے تقریباً سات گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ نصیر احمد خان جوہر ٹرسٹ کے مشترکہ سکریٹری رہ چکے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد