
نئی دہلی، 13 اکتوبر (ہ س)۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کے روز کہا کہ بیمسٹیک خطے میں دہشت گرد نیٹ ورکس کو پناہ دینے، ان کی بھرتی کرنے، تربیت دینے اور وسائل فراہم کرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ، انسانی اسمگلنگ اور بین الاقوامی منظم جرائم سے نمٹنے کے لیے رکن ممالک کے درمیان خفیہ معلومات کے تبادلے اور سکیورٹی ایجنسیوں کے درمیان تال میل کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔
نئی دہلی میں بیمسٹیک کے وزرائے داخلہ کی پہلی اعلیٰ سطحی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ بیمسٹیک علاقائی یکجہتی، اقتصادی تعاون اور اجتماعی سلامتی کے لیے ایک ناگزیر پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ وزرائے داخلہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ باہمی تعاون کو عملی نظام میں تبدیل کریں، تاکہ شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے اور متعلقہ ایجنسیوں کی صلاحیتوں کو مضبوط کیا جا سکے۔
امت شاہ نے کہا کہ ہندوستان دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتا ہے۔ ہر رکن ملک کا سکیورٹی نظام دوسرے رکن ممالک کی سلامتی میں معاون ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قومی قوانین اور نافذ العمل معاہدوں کے مطابق باہمی قانونی معاونت اور حوالگی، مجرمین کے ذریعے جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی کوششوں کو مضبوط کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے تمام ممالک سے اپیل کی کہ وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں چھپے مفرور مجرموں اور دہشت گردوں کو قانون کے حوالے کرنے میں تعاون کریں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ مجرمانہ نیٹ ورکس سرحدوں کے پار سرگرم ہیں اور مقامی کمزوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ انکرپٹڈ مواصلاتی نظام، سوشل میڈیا، کرپٹو کرنسی، ڈرون اور ڈارک ویب کا استعمال دہشت گردانہ پروپیگنڈے، بھرتی، فنڈ جمع کرنے اور غیر قانونی سرگرمیاں انجام دینے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ ان چیلنجوں سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے خفیہ ایجنسیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں، مالیاتی نگرانی کے نظام اور سرحدی انتظام سے متعلق ایجنسیوں کے درمیان حقیقی وقت میں تعاون اور تال میل ضروری ہے۔منشیات کی اسمگلنگ کو ایک سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ منشیات کی غیر قانونی تجارت محض ایک مجرمانہ سرگرمی نہیں، بلکہ نوجوانوں کی زندگی، سماج، ثقافت اور آنے والی نسلوں پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’منشیات کی اسمگلنگ میں کچھ بھی گولڈن نہیں ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ جس خطے کو عام طور پر ’گولڈن ٹرائنگل‘ کہا جاتا ہے، وہ اسے ’ڈیتھ ٹرائنگل‘ یعنی موت کا تکون کہنا پسند کرتے ہیں۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے پورے خطے کو متحد ہو کر کوششیں کرنا ہوں گی۔امت شاہ نے کہا کہ منشیات کی غیر قانونی تجارت سے حاصل ہونے والی آمدنی منظم جرائم کو مالی طاقت فراہم کرتی ہے اور اس رقم کا استعمال دہشت گردانہ سرگرمیوں کی مالی معاونت کے لیے بھی کیا جاتا ہے۔ کیمیائی مادوں کے پیشگی اجزا کے غیر قانونی استعمال اور ڈارک ویب کے ذریعے ہونے والے لین دین سے یہ چیلنج مزید پیچیدہ ہو جاتا ہے۔
انہوں نے منشیات کی پوری سپلائی چین پر نگرانی، حقیقی وقت میں معلومات کے تبادلے، مشترکہ ٹاسک فورس کے قیام، کیمیائی مادوں کے غیر قانونی استعمال کی روک تھام اور مالیاتی تحقیقات کے ساتھ غیر قانونی اثاثوں کو ضبط کرنے میں تعاون بڑھانے کی تجویز پیش کی۔امت شاہ نے انسانی اسمگلنگ کو بھی مشترکہ سلامتی اور انسانی حقوق کے لیے ایک سنگین چیلنج قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی شناخت، انہیں بچانے، امداد فراہم کرنے، بازآبادکاری اور محفوظ واپسی کے لیے رکن ممالک کے درمیان تعاون کو اجتماعی کوششوں کا اہم حصہ بنایا جانا چاہیے۔انہوں نے دھوکہ دہی کے ذریعے لوگوں کی بھرتی، سائبر جرائم اور سائبر غلامی جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے مشترکہ پروٹوکول اور نگرانی کا نظام تیار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وزیر داخلہ نے دہشت گردی کی مالی معاونت اور منظم جرائم پر قابو پانے کے لیے موجودہ نوڈل ایجنسیوں کے ذریعے قابلِ عمل خفیہ معلومات کے تبادلے کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں، ان کے معاونین، مجرمانہ نیٹ ورکس، مالیاتی ذرائع اور سرحد پار سرگرمیوں سے متعلق تصدیق شدہ معلومات کا بروقت تبادلہ علاقائی سلامتی کو مضبوط بنا سکتا ہے۔ مالیاتی خفیہ معلومات اور تفتیشی مہارت کے تبادلے سے بھی غیر قانونی رقوم کی آمدورفت روکنے میں مدد ملے گی۔امت شاہ نے کہا کہ سائبر سکیورٹی اور سائبر جرائم کی تحقیقات میں تعاون بڑھانے کے ساتھ بیمسٹیک ممالک کے درمیان ادارہ جاتی رابطوں اور صلاحیت سازی کو بھی مضبوط کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ رابطہ افسران کے نیٹ ورک، مجوزہ بیمسٹیک سکیورٹی انفارمیشن ڈیٹا بیس اور معلومات کے تبادلے کے مرکز کے ذریعے باہمی تعاون کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پولیس ٹریننگ، دہشت گردی مخالف کارروائیوں اور فارنسک تحقیقات کے شعبوں میں ہندوستان کی مہارت رکن ممالک کے ساتھ مشترک کرنے کی پیشکش بھی کی۔
امت شاہ نے آفات کے انتظام کے شعبے میں علاقائی تعاون کو بھی ترجیح دینے کی بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے بیمسٹیک کے چھٹے سربراہی اجلاس کے دوران ہندوستان میں بیمسٹیک ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر قائم کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔انہوں نے کہا کہ اس مرکز کو گجرات کے جام نگر میں قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ امت شاہ نے رکن ممالک سے اپیل کی کہ وہ اس مرکز کو فعال بنانے کے لیے سرگرم طور پر تعاون کریں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہندوستان خلیج بنگال کے خطے کو پُرامن، محفوظ اور خوش حال بنانے کے لیے تمام رکن ممالک کے ساتھ اعتماد، احترام اور تعاون کو فروغ دینے اور اس میٹنگ کے ٹھوس نتائج حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان وزرائے داخلہ کی سطح پر مسلسل مذاکرات کی حمایت کرتا ہے اور رکن ممالک کی رضامندی سے مستقبل کی میٹنگوں کی میزبانی میں بھی تعاون کے لیے تیار ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan