
علی گڑھ، 13 اکتوبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) نے ملک کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبہ کے لیے انگریزی، ہندی اور اردو زبانوں میں منعقدہ کل ہند مضمون نویسی مقابلہ 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔
انگریزی زمرے میں اے ایم یو کی طالبہ ملیحہ اقبال کو اول انعام، دہلی یونیورسٹی کے لیڈی شری رام کالج کی طالبہ اپوروا دتّہ کو دوم اور الہ آباد یونیورسٹی کی طالبہ راج شری مشرا کو سوم انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔
اردو زمرے میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد کے طالب علم محمد فیض الرضا نے اول انعام، اے ایم یو کے شعبہ اردو کے ریسرچ اسکالر منور علی نے دوم انعام اور اے ایم یو کے شعبہ اردو کی ہی ریسرچ اسکالر صبی جی نے سوم انعام حاصل کیا۔
ہندی زمرے میں ویمنس کالج،اے ایم یو کی طالبہ سلویٰ فاطمہ کو اول انعام، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی کے طالب علم مشرف پرویز کو دوم انعام اور ویمنس پولی ٹیکنک، اے ایم یو کے ڈپلوما انفارمیشن ٹکنالوجی کی طالبہ سبحانہ ریحان کو سوم انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔
مقابلے کے لئے ‘‘اکیسویں صدی میں ٹکنالوجی اور اخلاقیات: سرسید کا نقطہ نظر’’ موضوع پر مضامین طلب کیے گئے تھے۔ اس مقابلے کا مقصد طلبہ کو ٹکنالوجی کے محاذ پر ہونے والی ترقی، اخلاقی اقدار اور سرسید احمد خاں کے تعلیمی وژن کے باہمی تعلق پر غور و فکر کی ترغیب دینا تھا۔
ہر زبان میں اوّل، دوم اور سوم مقام حاصل کرنے والے طلبہ کو بالترتیب 25,000 روپے، 15,000 روپے اور 10,000 روپے کے نقد انعامات دیے جائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ