
سکما، 12 اکتوبر (ہ س)۔
چھتیس گڑھ کے ضلع سکما میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے مسلسل چلائی جانے والی تلاشی مہم کے دوران پیر کے روز کستارام تھانہ علاقے کے گاو¿ں پالچلما کے دشوار گزار پہاڑی اور جنگلاتی علاقے میں نکسلیوں کا ایک خفیہ ذخیرہ دریافت کیا گیا۔ یہ ذخیرہ نکسلیوں نے پہلے سے چھپا کر رکھا تھا۔
سکیورٹی فورسز نے اس ذخیرے سے مجموعی طور پر 13 ہتھیار، 46 زندہ کارتوس، بی جی ایل لانچر، 208 نان الیکٹرک ڈیٹونیٹر، دھماکہ خیز مواد اور نکسلی سرگرمیوں میں استعمال ہونے والی دیگر اشیا برآمد کی ہیں۔
سکما کے پولیس سپرنٹنڈنٹ میانک گرجر نے پیر کے روز اس کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں امن، سلامتی اور ترقی کے ماحول کو مزید مستحکم بنانے کے مقصد سے دشوار گزار جنگلات اور پہاڑی علاقوں میں مسلسل علاقے پر کنٹرول قائم کرنے اور تلاشی کی مہم چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نکسلیوں کی جانب سے پہلے چھپا کر رکھے گئے ہتھیاروں، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد اور دیگر اشیا کے خفیہ ذخیروں کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق، یہ کارروائی پولیس سپرنٹنڈنٹ میانک گرجر اور ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ (نکسلی آپریشنز) روہت شاہ کی نگرانی میں انجام دی گئی۔ خودسپردگی کرنے والے نکسلیوں سے حاصل ہونے والی اہم خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر 12 اکتوبر 2026 کو ضلع فورس، ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ اور بستر فائٹرز کی مشترکہ ٹیم نے پالچلما کے پہاڑی و جنگلاتی علاقے میں علاقے پر کنٹرول قائم کرنے اور تلاشی کی مہم چلائی۔
مہم کے دوران مشترکہ ٹیم نے مشتبہ علاقے کی باریک بینی سے تلاشی لی۔ اس دوران نکسلیوں کے چھپائے ہوئے ذخیرے سے مختلف اقسام کے ہتھیار، بی جی ایل لانچر، زندہ کارتوس، ڈیٹونیٹر اور مواصلاتی آلات برآمد کیے گئے۔
پولیس نے برآمد شدہ تمام اشیا کو محفوظ طریقے سے ضبط کر لیا ہے اور اس معاملے میں مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ