
بخارست، 11 اکتوبر (ہ س)۔ بحیرۂ اسود میں حملے کا نشانہ بننے والے تجارتی جہاز ایم وی رویاڈ مامادوف سے بچائے گئے تین ہندوستانی شہری ہفتے کے روز رومانیہ سے وطن کے لیے روانہ ہوگئے۔ بخارست میں واقع ہندوستانی سفارت خانے نے یہ اطلاع دیتے ہوئے ان کی بحفاظت واپسی میں تعاون کے لیے رومانیہ کے حکام، طبی عملے اور بچاؤ ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔
سفارت خانے کے مطابق وطن واپس لوٹنے والے ہندوستانی شہریوں میں ساحل سندھو، اشونی کمار اور ہرمن سنگھ شامل ہیں۔ سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ تینوں کی واپسی کے لیے ضروری مدد اور انتظامات کیے گئے۔
جہاز پر منگل کے روز حملہ ہوا تھا، جس کے بعد تینوں ہندوستانیوں کو بچایا گیا۔ بدھ کے روز ہندوستانی سفارت خانے کے ایک نمائندے نے ان سے ملاقات کی تھی۔ ان میں سے دو ہندوستانیوں کو ہوٹل میں ٹھہرایا گیا تھا، جبکہ زخمی تیسرے شہری کا کانسٹانتا کے کاؤنٹی اسپتال میں علاج چل رہا تھا۔
سفارت خانے نے ان کی جلد اور بحفاظت وطن واپسی یقینی بنانے کے لیے ضروری مدد فراہم کی۔ جہاز رانی کمپنی کے مقامی ایجنٹ کے ذریعے موبائل فون اور دیگر ضروری اشیا کا انتظام کیا گیا۔ اس کے علاوہ ان کے لیے ہندوستانی کھانے کا بھی انتظام کیا گیا۔
اس واقعے کے بعد ہندوستان نے بحیرۂ اسود کے علاقے میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کی تھی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے نئی دہلی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ اس طرح کے حملے سمندری تجارت کے لیے خطرہ پیدا کرتے ہیں اور سمندری علاقے میں کام کرنے والے افراد کی جان کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہاز پر تین ہندوستانی شہری سوار تھے۔ تینوں محفوظ ہیں، تاہم ان میں سے ایک زخمی ہوا تھا اور اس کا علاج جاری تھا۔ جیسوال نے اس معاملے میں تعاون کے لیے رومانیہ کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔
ہندوستان نے علاقے میں کشیدگی کم کرنے، امن بحال کرنے اور تنازعات کا حل نکالنے کے لیے بات چیت اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے کی اپیل بھی دہرائی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد