
کشن گنج، 10 اکتوبر (ہ س)۔ ہریانہ میں اپنے ساتھی کا قتل کرکے فرار ہونے والا ملزم کشن گنج میں چھپا ہوا تھا۔ ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) نے ریلوے پولیس کے تعاون سے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ گرفتاری کے بعد ہریانہ پولیس کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ اب ہریانہ پولیس ملزم کو اپنے ساتھ لے جاکر قتل کے معاملے میں مزید قانونی کارروائی کرے گی۔گرفتار ملزم کی شناخت مغربی بنگال کے اتر دیناج پور ضلع کے رہنے والے سندیپ مستری کے طور پر ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ملزم ہریانہ میں ٹھیکیدار جتیندر کے ساتھ کام کرتا تھا۔ اسی دوران کسی بات کو لے کر اس نے اپنے ایک ساتھی کے سر پر وار کردیا، جس سے اس کی موت ہوگئی۔ واقعے کے بعد ملزم ہریانہ سے فرار ہوکر کشن گنج پہنچ گیا اور یہاں چھپ کر رہنے لگا۔
معلومات کے مطابق، قتل کے اس معاملے میں 6 اکتوبر کو مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد سے ہی ملزم فرار تھا۔ ہریانہ پولیس معاملے کی جانچ اور ملزم کی تلاش میں مصروف تھی۔اسی دوران تفتیش کے سلسلے میں پولیس کو اطلاع ملی کہ قتل کا ملزم کشن گنج میں چھپا ہوا ہے۔ اس کے بعد ہریانہ پولیس نے کشن گنج آر پی ایف سے رابطہ کرکے ملزم کی گرفتاری میں تعاون طلب کیا۔
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کشن گنج آر پی ایف انسپکٹر ایچ کے شرما کی قیادت میں ٹیم سرگرم ہوگئی۔ تکنیکی شواہد کی بنیاد پر ریلوے پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے سندیپ مستری کو گرفتار کرلیا گیا۔آر پی ایف انسپکٹر ایچ کے شرما نے بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد ہریانہ پولیس کو اطلاع دے دی گئی ہے۔ ہریانہ پولیس ملزم کو اپنے ساتھ لے جاکر معاملے میں مزید قانونی کارروائی مکمل کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan