
نئی دہلی ،یکم اکتوبر (ہ س )۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ کو کل جاری ہونے والی ’ٹائمز ہائیر ایجوکیشن‘ ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز دوہزار ستائیس میں عالمی سطح پر پانچ سو ایک سے پانچ سو پچاس کے زمرے (بینڈ) میں شامل کیا گیا ہے، جس سے عالمی اعلیٰ تعلیم کے منظر نامے میں یونیورسٹی کی مضبوط موجودگی کی تصدیق ہوتی ہے۔
معروف ’ٹائمز ہائیر ایجوکیشن‘(ٹی ایچ ای) ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز دوہزار ستائیس کے تازہ ترین ایڈیشن میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کو عالمی درجہ بندی والی یونیورسٹیوں میں شامل کیا گیا ہے، جو تدریس، تحقیق، علم کی تخلیق، جدت اور بین الاقوامی روابط کے شعبوں میں اس کی مسلسل خدمات کو اجاگر کرتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ یہ درجہ بندی، یونیورسٹیوں کا جائزہ کئی اہم شعبوں کی بنیاد پر لیتی ہے جن میں تدریس، تحقیقی ماحول، تحقیق کا معیار، صنعت کے ساتھ روابط اور بین الاقوامی نقطہ نظر شامل ہیں۔
عالمی سطح پر پانچ سو ایک سے پانچ سو پچاس کے زمرے میں جامعہ کی شمولیت، یونیورسٹی کے تعلیمی اور تحقیقی نظام کو مستحکم کرنے کی خاطر اساتذہ، محققین، طلبہ، اہل کاروں اور عملے کی اجتماعی کوششوں کا ثمرہ ہے۔ یہ کامیابی، معیاری تعلیم، مو¿ثر تحقیق، جدت طرازی اور ادارہ جاتی ترقی پر یونیورسٹی کی مسلسل توجہ کو بھی آشکار کرتی ہے۔
پروفیسر مظہر آصف،شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے بین الاقوامی درجہ بندی میں جامعہ کی کارکردگی میں اجتماعی کردار ادا کرنے پر یونیورسٹی کے اساتذہ، محققین، طلبہ، افسران اور عملے کو مبارک باد دی ہے۔ انھوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی تعلیمی فضیلت، معیاری تحقیق، جدت، بین علومی تعاون اور عالمی تعلیمی روابط کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔
پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی،مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے جامعہ برادری کی اجتماعی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ عالمی درجہ بندی میں یونیورسٹی کی مسلسل موجودگی تعلیمی فضیلت، تحقیق اور ادارہ جاتی ترقی کے تئیں اس کے عزم کا مظہر ہے۔
آئی کیو اے سی،جامعہ ملیہ اسلامیہ کی اعزازی ڈائریکٹر، پروفیسر رفعت پروین نے جامعہ برادری کو مبارک باد دی اور مختلف قومی و بین الاقوامی درجہ بندی کے عمل کے لیے درکار ادارہ جاتی ڈیٹا اور معلومات کو یکجا کرنے، ان کی تصدیق اور معاونت فراہم کرنے میں آئی کیو اے سی عملے کی مخلصانہ کوششوں کا اعتراف کیا۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسلسل ٹیم ورک، ڈیٹا کا معیار، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور معیار میں مسلسل بہتری عالمی سطح پر جامعہ کی تعلیمی شناخت کے اہم عناصر ہیں۔
یونیورسٹی، آئی کیو اے سی کی ٹیم اور مختلف فیکلٹیز، شعبہ جات، مراکز اور انتظامی اکائیوں کے عملے کے ارکان کی گراں قدر خدمات کا اعتراف کرتی ہے، جن کی ہم آہنگ مساعی جامعہ کی ادارہ جاتی ساکھ کو مضبوط بنانے اور عالمی درجہ بندی کے فریم ورکس میں اس کی شرکت کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ اپنے تعلیمی، تحقیقی اور معیار کی یقین دہانی کے نظام کو مزید مستحکم کرنے اور قومی و عالمی سطح پر اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بامعنی کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais