
پولیس نے کرایہ داروں کی تصدیق نہ کرنے پر مقدمہ درج کیا
جموں، 06 جنوری (ہ س)۔ ضلع پولیس رِیاسی نے کٹراکے علاقے میں کرایہ داروں کی لازمی تصدیق کے اصولوں کی خلاف ورزی کے معاملے میں ایک مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق غیر مجاز کرایہ داری سے متعلق مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ 5 جنوری کو وارد نمبر 12، مکان نمبر 25، تحصیل کٹرا سے متعلق اطلاع ملی کہ دیویا کمار عرف منٹو ولد حکم چند نامی شخص نے مبینہ طور پر اپنے پلاٹ پر جھگی بستی قائم کرنے کی اجازت دی۔ مذکورہ زمین پر آٹھ جھگیاں تعمیر کی گئی تھیں، جن میں مغربی بنگال اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے کئی افراد گزشتہ سات سے آٹھ برس سے مقیم بتائے جا رہے ہیں۔
تحقیقات اور تصدیقی کارروائی کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مالکِ زمین نے کرایہ داروں کی تفصیلات لازمی پولیس تصدیق کے لیے جمع نہیں کروائیں، جو مقررہ ضوابط کی صریح خلاف ورزی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ عمل بی این ایس کی دفعہ 223(اے) کے تحت قابلِ سزا جرم ہے۔ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کٹرا میں ایف آئی آر نمبر 07/2026 دفعہ 223(اے) بی این ایس کے تحت درج کر لی گئی ہے، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
اس موقع پر ایس ایس پی رِیاسی پرم ویر سنگھ نے قانون و امن کی برقراری اور کرایہ داروں کی تصدیق کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات عوامی تحفظ اور سلامتی کے لیے نہایت ضروری ہیں۔پولیس نے ایک بار پھر مکان مالکان اور جائیداد مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ کرایہ داروں کی تصدیق کے تمام ضوابط پر سختی سے عمل کریں اور رہائشی مقامات کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے انتظامیہ سے تعاون کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر