
اے سی بی نے پٹواری کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا
جموں، 07 جنوری (ہ س)۔ جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو (جے کے اے سی بی) نے ایک سرکاری ملازم کے خلاف رشوت طلب کرنے اور قبول کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ملزم کی شناخت پردھان سنگھ، پٹواری، پٹواری حلقہ لدھا، تحصیل مونگری، ضلع ادھم پور کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ اس معاملے میں متعلقہ گرداور بھی تفتیش کی زد میں ہے۔ اے سی بی کے مطابق ملزم پٹواری نے شکایت کنندہ سے وراثتی انتقال اور اس کی نقل فراہم کرنے کے عوض 10 ہزار روپے رشوت طلب کی تھی۔ شکایت کنندہ نے رشوت دینے سے انکار کرتے ہوئے قانونی کارروائی کے لیے اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع کیا۔
شکایت موصول ہونے کے بعد خفیہ جانچ کی گئی، جس میں رشوت طلب کرنے کے الزامات کی تصدیق ہو گئی۔ اس کے بعد تھانہ اے سی بی ادھم پور میں ایف آئی آر نمبر 01/2026 زیر دفعہ 07 انسداد بدعنوانی ایکٹ 1988 اور دفعہ 61(2) بی این ایس 2023 کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی گئی۔ تفتیش کے دوران ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے عہدے کے افسر کی قیادت میں ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم پٹواری کو شکایت کنندہ سے 5 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے آزاد گواہوں کی موجودگی میں رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
اے سی بی ٹیم نے قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا، جبکہ رشوت کی رقم بھی اس کے قبضے سے برآمد کر لی گئی۔اس کے علاوہ ملزم پٹواری کی ادھم پور کے سیلان تالاب اور تحصیل مونگری کے باسنوٹ میں واقع کرایہ کی رہائش گاہوں پر مجسٹریٹ کی موجودگی میں تلاشی بھی لی گئی,معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر