شمالی ریلوے کی جموں ڈویژن نے ایک سال کے اندر تاریخی کامیابیاں حاصل کیں
شمالی ریلوے کی جموں ڈویژن نے ایک سال کے اندر تاریخی کامیابیاں حاصل کیں جموں، 05 جنوری (ہ س)۔ شمالی ریلوے کی جموں ڈویژن نے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، ریل رابطہ کاری اور آپریشنل توسیع کے شعبوں میں کئی تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ بھارت کی 70ویں ریلوے
Railway jammu


شمالی ریلوے کی جموں ڈویژن نے ایک سال کے اندر تاریخی کامیابیاں حاصل کیں

جموں، 05 جنوری (ہ س)۔ شمالی ریلوے کی جموں ڈویژن نے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، ریل رابطہ کاری اور آپریشنل توسیع کے شعبوں میں کئی تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ بھارت کی 70ویں ریلوے ڈویژن، جس کا باضابطہ افتتاح 6 جنوری 2025 کو وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا تھا، اس نے وادیٔ کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑ کر جموں و کشمیر میں ترقی، تبدیلی اور امید کے نئے امکانات پیدا کیے ہیں۔ ریلوے کے بیان کے مطابق سال 2025 کے دوران جموں ڈویژن نے نمایاں پیش رفت کی، جن میں 272 کلومیٹر طویل اودھم پور–سرینگر–بارہمولہ ریل لنک کا افتتاح سرفہرست ہے، جس سے وادیٔ کشمیر کو پورے سال ملک سے ریل رابطہ میسر آیا۔

بیان میں کہا گیا کہ چناب اور انجی جیسے وسیع پلوں کی قوم کے نام وقف کاری، وندے بھارت ٹرینوں کی شروعات، مذہبی سیاحت کے فروغ، سیب اور سیمنٹ جیسی اشیاء کی مال برداری میں اضافہ اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی نے مرکزِ زیر انتظام خطے میں ترقی کے ایک نئے دور کی بنیاد رکھی ہے۔ ان اقدامات کو کشمیر کو قومی دھارے سے مضبوطی سے جوڑنے کی سمت ایک تاریخی قدم قرار دیا گیا۔

یو ایس بی آر ایل منصوبے کا افتتاح 6 جون 2025 کو عمل میں آیا، جبکہ چناب پل ،جو پیرس کے ایفل ٹاور سے 35 میٹر بلند ہے—اور ملک کے پہلے کیبل اسٹیڈ انجی ریل پل کو بھی قوم کے نام وقف کیا گیا، جو اس منصوبے کی اعلیٰ تکنیکی مہارت کا مظہر ہیں۔وندے بھارت ٹرینوں کے آغاز کے بعد اب تک 3.75 لاکھ سے زائد مسافر سفر کر چکے ہیں، جس سے وادیٔ کشمیر کے لیے سفر مزید آسان اور تیز تر ہوا۔ کٹرا–امرتسر ریل روٹ نے مذہبی و روحانی ربط کو مستحکم کرتے ہوئے یاتریوں کو بہتر سہولت فراہم کی۔

نئے ریل رابطے سے علاقائی معیشت کو بھی خاطر خواہ فائدہ پہنچا، جہاں 20 ہزار ٹن سے زائد سیب اور ڈیڑھ لاکھ ٹن سیمنٹ کی ترسیل عمل میں آئی۔ اننت ناگ گڈز شیڈ، جس کی گنجائش ڈیڑھ لاکھ ٹن سیمنٹ ہے،اُس نے لاجسٹکس نظام کو مزید مضبوط بنایا۔ پہلی بار وادیٔ کشمیر میں آٹوموبائل اور غذائی اجناس کی ریکیں پہنچیں، جبکہ کشمیر سے باندرہ تک شہتوت کی ترسیل کو لاجسٹکس کے شعبے میں ایک بڑی کامیابی قرار دیا گیا۔

ریلوے کے مطابق نان فئیر ریونیو کے نئے معاہدوں کے ذریعے 94 کروڑ روپے سے زائد کی رقم حاصل کی گئی، جبکہ ٹکٹ چیکنگ مہمات کے دوران 63 ہزار سے زائد معاملات میں 3.72 کروڑ روپے کی وصولی کی گئی۔

جموں ڈویژن کی ایک سالہ تکمیل پر سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر اچت سنگھل نے کہا کہ 2025 نوتشکیل شدہ جموں ڈویژن کے لیے ایک چیلنجنگ سال رہا، تاہم مسافروں کی سہولت، سلامتی اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں ڈویژن 2026 میں نئے منصوبوں کے ساتھ ترقی کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوگا، جو کشمیر کے عوام کے لیے بہتر ربط اور خوشحالی کا باعث بنے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande