
واشنگٹن،21جنوری(ہ س)۔ایران کے حوالے سے اپنے حالیہ خطاب میں نسبتاً نرمی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سنگین نوعیت کا انتباہ جاری کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تہران کے رہنماو¿ں کی جانب سے ان کے قتل کی دھمکیاں جاری رہنے کا جواب ’پوری ریاست کو اڑا دینے‘ کی صورت میں دیا جائے گا۔بدھ کی شام’نیوز نیشن‘ پر نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں امریکی صدر نے مزید کہا ’میں نے ہدایات چھوڑ دی ہیں کہ اگر کچھ بھی ہوا تو ہم پوری ریاست کو اڑا دیں گے۔‘ ٹرمپ نے مزید کہا’میں نے بہت سخت ہدایات جاری کی ہیں، اگر کچھ ہوا تو وہ انہیں روئے زمین سے مٹا دیں گے۔‘ٹرمپ کے مطابق سابق صدر جو بائیڈن کو اس معاملے میں ’کچھ کہنا‘ چاہیے تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’ایسے معاملات میں صدور کو ایک دوسرے کا دفاع کرنا چاہیے۔بائیڈن دور کے انٹیلی جنس حکام نے ٹرمپ کو 2024 کی انتخابی مہم کے دوران انہیں نشانہ بنانے کے مبینہ خطرات کے بارے میں بریفنگ دی تھی۔ سابق اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ نے کہا تھا کہ یہ منصوبہ 2020 میں ٹرمپ کی پہلی انتظامیہ کے دوران امریکہ کے ہاتھوں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا انتقام لینے کے لیے بنا تھا۔یاد رہے کہ ٹرمپ نے یہی دھمکی اس وقت بھی دہرائی تھی جب انہوں نے عہدہ سنبھالتے ہی ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے تھے، جو انہیں ایرانی حکومت سے نمٹنے اور اس پر زیادہ سے زیادہ دباو ڈالنے کے تمام ممکنہ اختیارات فراہم کرتا ہے۔ اس وقت امریکی صدر نے کہا تھا کہ انہوں نے ہدایت دی ہے کہ اگر ایران نے ان کے قتل کی کوشش کی تو اسے تباہ کر دیا جائے۔امریکی صدر نے حال ہی میں ایران میں ملک گیر احتجاجی مظاہروں، جس میں سیکڑوں افراد ہلاک ہوئے تھے، کے ہفتوں بعد ایران کے خلاف فوجی آپشن کا اشارہ بھی دیا تھا۔اسی طرح انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر ایرانی مظاہرین کو سزائے موت دی گئی تو فوجی کارروائی کی جائے گی، لیکن حال ہی میں انہوں نے اپنے بیانات کی شدت میں یہ کہتے ہوئے کمی کر دی کہ مجھے مطلع کیا گیا ہے کہ سزائے موت کے عمل کو روک دیا گیا ہے۔دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے امریکہ پر ایرانی حکومت کے خلاف سازش کرنے اور مظاہروں کی حمایت کا الزام لگایا اور دعویٰ کیا کہ واشنگٹن ایران کو نگلنے کی کوشش کر رہا ہے۔تاہم، انہوں نے گذشتہ ہفتے کے روز ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا ہم ملک کو جنگ کی طرف لے جانے کا ارادہ نہیں رکھتے، تاہم ہم ملک کے اندر موجود مجرموں کو سزا سے بچنے نہیں دیں گے۔ اور اندرونی مجرموں سے بدتر بین الاقوامی مجرم ہیں، ہم انہیں بھی نہیں چھوڑیں گے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan