
تمل ناڈو اسمبلی انتخابات: ٹی ٹی وی دیناکرن نے اے آئی اے ڈی ایم کے-بی جے پی اتحاد کے ساتھ انتخاب لڑنے کا اعلان کیا
مرکزی وزیر پیوش گوئل کی موجودگی میں باضابطہ اعلان، آج ہو سکتا ہے سیٹ شیئرنگ معاہدہ
چنئی، 21 جنوری (ہ س): ۔
آئندہ تمل ناڈو اسمبلی انتخابات سے پہلے، ٹی ٹی وی دیناکرن کی پارٹی، امّا مکل منیترا کزگم (اے ایم ایم کے) نے باضابطہ طور پر قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی وزیر پیوش گوئل کی موجودگی میں کئے گئے اس اعلان کے ساتھ ہی یہ واضح ہو گیا کہ اے ایم ایم کے آئندہ اسمبلی انتخابات اے آئی اے ڈی ایم کے-بی جے پی اتحاد کے ساتھ مل کر لڑے گی۔
قبل ازیں اے ایم ایم کے کی ایک ہنگامی میٹنگ پارٹی ہیڈکوارٹر چنئی میں ہوئی جس میں پارٹی عہدیداروں کے ساتھ اسمبلی انتخابی اتحاد کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔ میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹی ٹی وی دنکرن نے باضابطہ طور پر اتحاد میں شامل ہونے کے فیصلے کی تصدیق کی۔
ٹی ٹی وی دیناکرن نے کہا، ہم اے آئی اے ڈی ایم کے-بی جے پی اتحاد میں شامل ہو کر اسمبلی انتخابات لڑنے جا رہے ہیں۔ ہم تمل ناڈو میں جے للیتا کی حکومت کو دوبارہ قائم کرنے کے مقصد سے این ڈی اے میں دوبارہ شامل ہو رہے ہیں۔ پرانے مسائل کو یاد کرکے پارٹی اور ریاست کے مفادات کو پس پشت نہیں ڈالنا چاہیے۔ ہمارے درمیان جو اختلاف ہوا وہ صرف شراکت داروں کے درمیان تھا ۔ سمجھوتہ کرنے والا کبھی نقصان میں نہیں رہتا۔
تمل سنت تھروولوور کے اقتباس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اے ایم ایم کے تمل ناڈو میں گڈ گورننس کو دوبارہ قائم کرنے کے لیے این ڈی اے میں شامل ہو رہی ہے، ایک ایسا نظام جسے عوام نے ترجیح دی ہے، اور ریاست میں ایک اچھی حکومت کی تشکیل میں مکمل تعاون کرے گی۔
اس کے بعد ٹی ٹی وی د یناکرن نے بی جے پی کے انچارج اور مرکزی وزیر پیوش گوئل سے چنئی کے ایک نجی ہوٹل میں ملاقات کی اور باضابطہ طور پر اتحاد میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ دونوں رہنماو¿ں نے انتخابی حکمت عملی اور سیٹوں کی تقسیم پر تبادلہ خیال کیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اے ایم ایم کے کتنی سیٹوں پر الیکشن لڑے گی اس پر آج معاہدہ متوقع ہے۔
سیاسی ماہرین کا خیال ہے کہ اے ایم ایم کے کی این ڈی اے میں واپسی سے تمل ناڈو کی سیاست میں اتحاد کا نیا توازن پیدا ہوتا دکھائی دے رہا ہے، جس کا براہ راست اثر آنے والے اسمبلی انتخابات پر پڑ سکتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ