
بھوپال، 21 جنوری (ہ س)۔ شہر کے بھوپال ہاٹ میں 26-24 جنوری تک سہ روزہ اجیویکا گرین میلے کا انعقاد مدھیہ پردیش ریاستی دیہی آجیویکا مشن کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ میلے میں مشن کے تحت خواتین ’سیلف ہیلپ گروپس‘ کی کیمیکل سے پاک مصنوعات توجہ کا مرکز رہیں گی۔
رابطہ عامہ افسر آر آر پٹیل نے بدھ کو جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ میلے میں بنیادی طور پر خواتین ’سیلف ہیلپ گروپس‘ کی نرسری میں تیار کیے گئے پودے، پھل، سبزی، کیمیکل سے پاک اناج، بیج، کھاد، کیڑے مار ادویات اور باغبانی کا سامان میلے میں دستیاب رہے گا۔ بھوپال، رائسین، سیہور، ہردا، نرمداپورم، مندسور، ودیشہ، گوالیار، راج گڑھ، ساگر، شیوپور، آگر-مالوا، بیتول، جبل پور، نرسنگھ پور اور گنا اضلاع سے گروپس کی ’دیدیاں‘ (خواتین) سامان لے کر آ رہی ہیں، سامان بیچنے کے لیے بھوپال ہاٹ میں تقریباً 40 اسٹال لگائے جائیں گے۔
میلے میں آرائشی پودوں میں گلاب، سیونتی، ڈہیلیا؛ عقیدت کے پودوں میں تلسی، شمی، بیل، سبزی کے پودوں میں ٹماٹر، مرچ، گوبھی، بند گوبھی اور گرافٹیڈ سبزی میں بینگن کے پودے دستیاب رہیں گے۔ اعلیٰ قسم کے پھل دار درختوں میں گرافٹیڈ آم، امرود (تھائی پنک تھائی)، لیموں (سیڈ لیس)، سنترا، چیکو، انار وغیرہ خاص طور پر دستیاب رہیں گے۔
اس کے علاوہ نامیاتی (آرگینک) کھاد، کینچوا کھاد، ناڈیپ کھاد، دھن جیوا مرت، درویہ جیوا مرت اور نامیاتی کیڑے مار ادویات میں نیماستر، برہماستر، اگنی استر، پانچ پرنی، دش پرنی کاڑھا دستیاب رہے گا۔ مربوط کیڑوں کے کنٹرول کے سامان میں نیلا، پیلا ’اسٹکی ٹریپ‘، ’فیرومون ٹریپ‘، ’لائی ٹریپ‘ دستیاب رہیں گے۔ اسی طرح مٹی اور گوبر کے گمے، سبزی کی پود تیار کرنے کے لیے سامان روٹ ٹرے، کوکو پٹ، نرسری میں استعمال ہونے والے چھوٹے اوزار کھرپی، کٹائی چھٹائی کے لیے ’سیکیٹیر‘، ’بڈنگ‘ چاقو بھی دستیاب رہیں گے۔ میلے میں آنے والے لوگوں کے لیے مختلف قسم کے فریش جوس، فروٹ سلاد، ہربل مشروبات وغیرہ بھی ملیں گے۔ میلہ روزانہ 11 بجے سے رات 9 بجے تک کھلے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن