
بھوپال، 02 جنوری (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کی معاشی راجدھانی اندور میں آلودہ پانی پینے سے ہوئی اموات کے معاملے کو وزیراعلیٰ ڈاکٹر موہن یادونے انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہوئے بڑی انتظامی کارروائی کی ہے۔ عوامی صحت سے مربوط اس حساس معاملے میں لاپرواہی برتنے والے افسران پر براہ راست کارروائی کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اندور میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر کو فوری طور پر اندور سے ہٹانے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی واٹر ڈسٹری بیوشن ڈپارٹمنٹ (محکمہ آبی تقسیم) سے انچارج سپرنٹنڈنٹ انجینئر کا چارج بھی واپس لے لیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے اس سلسلے میں سوشل میڈیا کے ذریعے جانکاری شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ جمعہ کی صبح انہوں نے چیف سکریٹری اور دیگر سینئر افسران کے ساتھ اندور میں آلودہ پانی پینے سے پیش آئےافسوسناک واقعے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس میٹنگ میں ریاستی حکومت کی طرف سے اب تک کی گئی کارروائی اور آگے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ ایڈیشنل چیف سکریٹری (شہری انتظامیہ اور ترقی) کی طرف سے پیش کردہ رپورٹ پر بھی سنجیدگی سے غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے واضح ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں کسی بھی سطح پر لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اندور میونسپل کمشنر اور ایڈیشنل کمشنر کو شو کاز نوٹس جاری کرنے کے احکامات دیے۔ ساتھ ہی ایڈیشنل کمشنر کو فوری طور پر اندور سے ہٹانے اور انچارج سپرنٹنڈنٹ انجینئر سے واٹر ڈسٹری بیوشن ڈپارٹمنٹ کا چارج واپس لینے کی ہدایت بھی دی گئی۔
ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ اندور میں آلودہ پانی کی سپلائی کے سبب ہوئی اموات انتہائی افسوسناک ہیں اور اس کے لیے ذمہ دار افسران پر سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ صرف اندور ہی نہیں، بلکہ ریاست کے دیگر شہروں اور میونسپل کارپوریشن علاقوں میں بھی ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہو، اس کے لیے اصلاحی قدم اٹھائے جائیں گے۔ اس کے تحت متعلقہ افسران کو ٹائم باونڈ ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے ان فیصلوں کو انتظامی سطح پر سخت پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس پورے معاملے پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی میڈیا انچارج آشیش اگروال نے بھی ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی پالیسی عوامی صحت پر ”زیرو ٹالرینس“ کی ہے۔ عوام کی صحت سے کھلواڑ کرنے والوں پر کارروائی بنا رکے جاری رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ حکومت جوابدہی سے کبھی پیچھے نہیں ہٹتی۔
آشیش اگروال نے کہا کہ اندور میں آلودہ پینے کے پانی کے واقعے کو بی جے پی حکومت نے انتہائی سنجیدگی سے لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو کی قیادت میں متاثرین کے مفت اور مناسب علاج کی ہدایت دی گئی، وزیر اعلیٰ خود اسپتال پہنچ کر حالات کی نگرانی کرتے رہے، مہلوکین کے لواحقین کو فوری امدادی رقم دی گئی اور قصورواروں کی شناخت کر کے ان کے خلاف سخت اور فیصلہ کن کارروائی کی گئی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن