
نوی ممبئی، 18 جنوری (ہ س)۔ رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کی کپتان اسمرتی مندھانا نے ویمن پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) 2026 سیزن کے 11ویں مقابلے میں دہلی کیپٹلز کے خلاف شاندار جیت کے بعد ٹیم کی گیندبازی یونٹ کی جم کر تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کے سبھی گیند بازوں نے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی۔
مندھانا نے میچ کے بعد کہا کہ یہ دیکھنا حیرت انگیز تھا کہ سبھی نے کتنی موثر گیند بازی کی، خاص طور پر پہلے تین اووروں میں، جب ہم نے دہلی کی مضبوط شروعات کو توڑتے ہوئے چار وکٹ لیے۔ سائلی ستگھرے نے اپنے ڈیبیو میچ میں دو اہم وکٹ لیے اور پھر بیل (لارین بیل) نے وہی کیا جو وہ سب سے اچھا کرتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ سبھی نے اپنے منصوبوں پر اچھی طرح عمل کیا۔ جس طرح شیفالی ورما بلے بازی کر رہی تھیں، وہ واقعی شاندار تھا۔ اس وقت ہم نے حکمت عملی میں تبدیلی کی اور انہیں محدود رن دینے کی کوشش کی۔ ہم جانتے تھے کہ شیفالی ایک ایسی بلے باز ہیں جو بڑے اسکور تک پہنچ سکتی ہیں، اس لیے ہمیں انہیں جلد آوٹ کرنا ضروری تھا۔ یہ کہنا آسان ہے، لیکن پوری ٹیم نے منصوبوں کو بہترین طریقے سے انجام دیا۔
مندھانا نے دیگر گیند بازوں کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پریما اور رادھا نے اچھی گیند بازی کی اور اس مرحلے میں جو بھی گیند باز آیا، اس نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اپنی بلے بازی کے بارے میں مندھانا نے کہا کہ یہ ایک اچھی اننگز تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہدف کا تعاقب کرنا اکثر ہدف طے کرنے کے مقابلے میں تھوڑا آسان ہوتا ہے، کیونکہ بلے باز کو معلوم ہوتا ہے کہ کیا کرنا ہے، خاص طور پر ایسی وکٹوں پر۔ جب دہلی نے تقریباً 160 رن بنائے اور ہم نے گریس کو جلدی کھو دیا، تو مجھے واضح تھا کہ کن گیند بازوں پر حملہ کرنا ہے اور کن کا احترام کرنا ہے۔ یہ چھوٹی چھوٹی باتیں ہیں جو کبھی کام کرتی ہیں اور کبھی ٹی-20 کرکٹ میں نہیں، لیکن خوشی ہے کہ آج یہ ہمارے حق میں گیا اور ہم نے میچ جیت لیا۔
ہفتہ کو نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں دہلی کیپٹلز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے شیفالی ورما کی 62 رن کی اننگز کی بدولت 20 اوور میں سبھی 10 وکٹ کھو کر 166 رن بنائے۔
جواب میں آر سی بی نے کپتان اسمرتی مندھانا کی شاندار 96 رن اور جارجیا وال کی 54 رن کی نصف سنچری اننگز کی مدد سے 18.2 اوور میں دو وکٹ پر 169 رن بنا کر مقابلہ آٹھ وکٹ سے جیت لیا۔
اس جیت کے ساتھ آر سی بی لگاتار چوتھی جیت درج کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل میں سرفہرست مقام پر پہنچ گئی ہے، جبکہ دہلی کیپٹلز چار میں سے تین میچ ہار کر ٹیبل کے آخری پائیدان پر کھسک گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن