
ناگپور، 15 جنوری (ہ س) راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سرسنگھ چالک ڈاکٹر موہن بھاگوت نے ووٹروں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتخابات کے دوران نوٹا کا سہارا لینے کے بجائے دستیاب امیدواروں میں سے قابل اور بہترین امیدوار کا انتخاب کریں، کیونکہ یہی جمہوری عمل کے حق میں بہتر ہے۔
مہاراشٹر میں بلدیاتی اداروں کے انتخابات کے لیے جمعرات کو ووٹنگ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈاکٹر موہن بھاگوت اور آر ایس ایس کے بھیاجی جوشی نے ناگپور کے محل علاقے میں واقع ناگپور نائٹ ہائی اسکول کے پولنگ اسٹیشن پر جا کر ووٹ ڈالا۔ ووٹنگ کے آغاز میں یہ دونوں پہلے ووٹرز میں شامل رہے۔
ووٹ ڈالنے کے بعد ڈاکٹر بھاگوت نے کہا کہ نوٹا کا استعمال تمام امیدواروں کو مسترد کرنے کے مترادف ہے، جو جمہوریت کی ایک انتہائی نامناسب صورت حال ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ناپسندیدہ امیدواروں کو بالواسطہ فائدہ ملنے کا خدشہ رہتا ہے، اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ سوچ سمجھ کر دستیاب امیدواروں میں سے بہتر امیدوار کو منتخب کریں۔
انہوں نے کہا کہ ووٹنگ جمہوری نظام کی بنیاد ہے اور ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس میں حصہ لے۔ ووٹ ڈالتے وقت ذاتی مفاد کے بجائے عوامی بھلائی کو سامنے رکھنا چاہیے۔ ان کے مطابق افراتفری دراصل قیادت کے فقدان کی علامت ہے، اور ایسی صورت حال سماج کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔
ڈاکٹر بھاگوت نے مہابھارت کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس عظیم گرنتھ میں بھی صحیح قیادت کے انتخاب کی اہمیت واضح طور پر بیان کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹنگ کے بارے میں جاری بیداری مہم کے نتائج مستقبل میں نظر آئیں گے۔ انہوں نے آخر میں پھر اس بات پر زور دیا کہ نوٹا کے بجائے دستیاب آپشنز میں سے بہترین امیدوار کا انتخاب ہی جمہوریت کو مضبوط کرتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے