پٹنہ، 8 ستمبر (ہ س)۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے آنگن باڑی سیویکا اورسہائیکا کے اعزازیہ میں اضافہ کیا ہے۔ نتیش کمار نے خود پیرکے روز سوشل سائٹ ایکس پر یہ جانکاری دی۔وزیر اعلیٰ نے ایکس پر لکھا، ریاست میں بچوں اور حاملہ خواتین کی غذائیت اور معیار زندگی کو بہتر بنانے میں آنگن باڑی سیویکا اور سہائیکا کا اہم کردار ہے۔ ان کے کردار کا احترام کرتے ہوئے، ہم نے ان کے اعزازیہ میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب محکمہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ آنگن باڑی سیویکاکا اعزازیہ 7000 روپے سے بڑھا کر 9000 روپے اور آنگن باڑی سہائیکاکا اعزازیہ4000سے بڑھا کر5400 کر دیا گیا ہے۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نومبر 2005 میں حکومت کے قیام کے بعد سے ہم نے حاملہ خواتین اور بچوں کی غذائیت اور صحت کو بہتر بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر کام کیا ہے اور اس کے لیے 'انٹیگریٹڈ چائلڈ ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے ذریعے چھ (06) قسم کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ آنگن باڑی سیویکا اور سہاہیکاآنگن باڑی مراکز کے ذریعہ استفادہ کنندگان کو یہ خدمات فراہم کرنے میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنگن باڑی سیویکا اور سہائیکاکی اہم شراکت کو دیکھتے ہوئے ان کے اعزازیہ میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے تمام آنگن باڑی سیویکا اورسہائیکا کے حوصلے بلند ہوں گے اور بچوں کی ترقی کی مربوط خدمات بہتر ہوں گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan