رشی کپور، ہندوستانی سنیما کا وہ نام، جس کی مسکراہٹ، اداکاری اور زندگی سے بھرپور انداز آج بھی کروڑوں دلوں کو روشن کررہا ہے۔ ان کا شمار ہمیشہ ان ستاروں میں ہوتا رہے گا، جن کے نام نسل در نسل آتے رہیں گے۔ اپنے طویل اور شاندار کیرئیر میں رشی نے نہ صرف رومانس کا چہرہ بدل دیا بلکہ پردے پر مزاح، جذبات اور ڈرامے کے ہر رنگ کو بھی زندہ کیا۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی شائقین ان کی فلمیں اسی محبت اور جوش سے دیکھتے ہیں۔
رشی کپور کی سالگرہ 4 ستمبر کو ہے۔ اس خاص موقع پر ان کی اہلیہ اور اداکارہ نیتو کپور نے انہیں انتہائی جذباتی انداز میں یاد کیا۔ نیتو نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں رشی کپور کا سب سے پیارا پہلو دکھایا گیا ہے۔ یہ ویڈیو ان کے لائیو شو 'کھلم کھلا ود رشی کپور' سے لی گئی ہے۔ اس شو میں رشی کا لاپرواہ اور مضحکہ خیز انداز نظر آتا ہے، جو کسی کے بھی چہرے پر مسکراہٹ لا سکتا ہے۔
ویڈیو میں ان کے بیٹے رنبیر کپور سمیت فلم انڈسٹری کی کئی بڑی شخصیات رشی کی تعریف کرتے نظر آ رہے ہیں۔ سب نے متفقہ طور پر اس بات پر اتفاق کیا کہ رشی کپور نہ صرف ایک بہترین اداکار تھے بلکہ ایک شاندار انسان بھی تھے، جو اپنی توانائی اور الفاظ سے ہر ماحول کو منور کرتے تھے۔ اس ویڈیو کے ساتھ نیتو نے دل کو چھو لینے والا کیپشن لکھا، ’’آپ ہمیشہ ہمارے دلوں میں رہیں گی، سالگرہ مبارک۔‘‘ ان الفاظ کے ساتھ انہوں نے ایک بار پھر اظہار کیا کہ رشی کپور اگرچہ آج ہمارے درمیان نہیں ہیں لیکن ان کی یادیں، ان کی ہنسی اور ان کی موجودگی ان کے خاندان اور چاہنے والوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔
غور طلب ہے کہ رشی کپور کا انتقال 30 اپریل 2020 کو ہوا، وہ طویل عرصے سے کینسر سے لڑ رہے تھے اور ان کی جدوجہد نیویارک سے ممبئی تک جاری رہی۔ لیکن اس جدوجہد کے درمیان بھی انہوں نے اپنی مسکراہٹ اور خوش مزاجی کو کبھی کم نہیں ہونے دیا۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی ان کا نام سن کر سب کی آنکھیں نم ہو جاتی ہیں اور لب مسکرا اٹھتے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی