
جی ایس ٹی کی شرح میں تبدیلی سے 350 سی سی تک کی چھوٹی کاریں اور بائک سستی ہو ںگی
نئی دہلی، 04 ستمبر (ہ س)۔ جی ایس ٹی کونسل نے گڈز اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) نظام میں وسیع تبدیلیوں کو منظوری دے دی ہے۔ اس کے تحت جی ایس ٹی میں 5 اور 18 فیصد کے دو سطحی ٹیکس ڈھانچے کو منظوری دی گئی ہے۔ جی ایس ٹی کی شرح میں وسیع تبدیلیوں کی وجہ سے چھوٹی کاریں اور موٹر سائیکلیں سستی ہو جائیں گی۔ نئی شرحیں 22 ستمبر یعنی نوراتری کے پہلے دن سے نافذ ہوں گی۔
مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے جی ایس ٹی کونسل کی 56ویں میٹنگ کے بعد یہاں منعقدہ پریس کانفرنس میں یہ جانکاری دی۔ وزارت خزانہ کے تحت ریونیو ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری اروند شریواستو نے کہا کہ جی ایس ٹی کی شرحوں میں ترمیم کے تحت 1200 سی سی سے کم اور 4000 ملی میٹر سے کم لمبائی والی پٹرول، ایل پی جی اور سی این جی گاڑیوں اور 1500 سی سی اور 4000 ملی میٹر لمبائی تک کی ڈیزل گاڑیوں پر موجودہ 28 فیصد کی جگہ18 فیصد ٹیکس لگے گا۔ وہیں 350 سی سی تک کی موٹرسائیکلوں پر 18 فیصد کی شرح سے جی ایس ٹی لگے گا جبکہ اس وقت یہ 28 فیصد ہے۔
انہوں نے کہا کہ 1,200 سی سی اور 4,000 ملی میٹر سے زیادہ لمبی تمام گاڑیوں کے ساتھ ساتھ 350 سی سی سے زیادہ کی موٹر سائیکلوں اور ریسنگ کاروں پر 40 فیصد کی شرح سے جی ایس ٹی وصول کیا جائے گا۔ حالانکہ چھوٹی ہائبرڈ کاروں کو بھی ٹیکس کے محاذ پر فائدہ پہنچے گا، جبکہ الیکٹرک گاڑیوں پر پانچ فیصد کی شرح سے جی ایس ٹی وصول کرنا جاری رہے گا۔ اس کے علاوہ گاڑیوں کے پرزوں پر جی ایس ٹی موجودہ 28 فیصد سے کم کر کے 18 فیصد کر دیا گیا ہے۔
مرسڈیز بینز انڈیا کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سنتوش ایر نے جاری ایک بیان میں کہا، ’’حکومت نے آٹوموبائل انڈسٹری کے جی ایس ٹی کی شرحوں کو معقول بنانے کے دیرینہ مطالبہ کو سنا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ جی ایس ٹی ترمیم درست سمت میں ایک قدم ہے، ترقی پسند ہے اور کھپت کو فروغ دے کر انتہائی ضروری فروغ فراہم کرے گی اور آٹوموبائل انڈسٹری کو تحریک دے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر اس سے معیشت کو تقویت ملے گی۔ اس وقت گاڑیوں پر 28 فیصد ٹیکس عائد ہے۔ یہ جی ایس ٹی کا سب سے اونچا سلیب ہے۔
گاڑی کی قسم کے لحاظ سے اس جی ایس ٹی کی شرح پر ایک سے 22 فیصد تک کا معاوضہ سیس لگایا جاتا ہے۔ انجن، صلاحیت اور لمبائی کی بنیاد پر کل ٹیکس کی شرح چھوٹی پٹرول کاروں کے لیے 29 فیصد اور ایس یو وی کے لیے 50 فیصد تک ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن