جے این میڈیکل کالج میں تین ایڈوانسڈ ماڈیولر آپریشن تھیٹرز کا افتتاح کیا
علی گڑھ, 20 ستمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے پاور گرڈ کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ (لکھنؤ) کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مسٹر یوگیش کمار دیکشت کے ہمراہ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال (جے این ایم سی ایچ) میں تین
افتتاح کرتے ہوئے


علی گڑھ, 20 ستمبر (ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے پاور گرڈ کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ (لکھنؤ) کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مسٹر یوگیش کمار دیکشت کے ہمراہ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج و اسپتال (جے این ایم سی ایچ) میں تین ایڈوانسڈ ماڈیولرآپریشن تھیٹرز کا افتتاح کیا، جو مغربی اترپردیش اور شمالی ہند میں صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ پاور گرڈ کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ کی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری (سی ایس آر) پہل کے تحت 15.84کروڑ روپے کی لاگت سے تیارشدہ اور جنرل سرجری، یورولوجی، اور گیسٹرو سرجری کے لیے وقف یہ جدید ترین سہولیات ایڈوانسڈ میڈیکل ٹیکنالوجیز سے لیس ہیں اور آئندہ ہفتے سے مکمل طور پر فعال ہو جائیں گی۔

اس موقع پر پروفیسر نعیمہ خاتون نے اس اقدام کو یونیورسٹی اور شمالی ہند دونوں کے لیے ایک اہم موڑ قرار دیا۔ انھوں نے کہا”جدید ماڈیولر آپریشن تھیٹرز کا افتتاح نہ صرف جے این ایم سی ایچ بلکہ پورے خطے کے لیے ایک سنگ میل ہے۔ پاور گرڈ کے تعاون سے اے ایم یو ان لوگوں تک جدیدطبی خدمات فراہم کرنے کے لیے بہتر طور سے تیار ہے جنہیں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ یہ اس بات کی بھی مثال ہے کہ تعلیمی ادارے اور صنعتی ادارے سماجی بھلائی کے لیے کس طرح باہم تعاون کر سکتے ہیں“۔

مسٹر یوگیش کمار دیکشت نے کہا ”پاور گرڈ میں، ہم توانائی کی منتقلی اور زندگیوں کو تبدیل کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ یہ پروجیکٹ بڑے شہروں سے آگے بڑھ کر کمیونٹیز تک ہیلتھ کیئر کی رسائی کو بڑھانے کے تئیں ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ ہمیں اے ایم یو کے ساتھ شراکت پر فخر ہے اور ہم مستقبل میں اپنے سی ایس آرتعاون کو جاری رکھیں گے“۔ انہوں نے سی ایس آر پروگراموں کے ذریعے صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے میں پاور گرڈ کے فعال کردار پر زور دیا۔

اس موقع پر پروفیسر محمد محسن خان (پرو وائس چانسلر، اے ایم یو)، مسٹر رمن (سینئر جنرل منیجر اور نوڈل آفیسر، سی ایس آر، یوپی خطہ-سوئم، لکھنؤ)، پروفیسر ایم ایچ رضا (پرنسپل، جے این ایم سی ایچ)، پروفیسر عطیہ ذکاء الرب (چیئرپرسن، شعبہ سرجری، جے این ایم سی ایچ)، اور پروفیسر واصف محمد علی (ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، جے این ایم سی ایچ) موجود تھے۔

پروجیکٹ کے دور رس اثرات کا ذکر کرتے ہوئے پروفیسر محمد محسن خان نے کہا ”یہ تعاون اے ایم یو جیسے اداروں کے استحکام میں سی ایس آر کی تبدیلی کی طاقت کو اجاگر کرتا ہے۔ اس سے شمالی ہند کے ہزاروں کنبوں کو فائدہ پہنچے گا اور بڑے شہروں کے اسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہو گا“۔

پروفیسر عطیہ ذکا ء الرب نے کہا ”میں تہہ دل سے جے این ایم سی ایچ کی ٹیم کی انتھک کاوشوں کو سراہتی ہوں جن کے عزم و استقلال نے پاور گرڈ کو سی ایس آر تعاون دینے پر آمادہ کیا۔یہ جدید ترین ماڈیولر آپریشن تھیٹرزبے شمار زندگیوں کے لیے شفا اور امید کا تحفہ ہیں“۔

پروفیسر واصف محمد علی نے کہا ”ان اضافی سہولیات کے ساتھ،جے این ایم سی ایچ اب مقامی طور پر یورولوجی اور ایچ پی بی سرجری میں پیچیدہ پروسیجرس انجام دینے کے قابل ہو جائے گا، علی گڑھ میں کینسر اور زیادہ خطرہ والی بیماریوں کی جدید ترین سرجری ہوسکے گی،

تقریب کی نظامت ڈاکٹرحاذق جمیل نے کی جبکہ پروجیکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر منظور احمد نے شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں یونیورسٹی کے سینئر افسران، فیکلٹی ممبران، طلبہ اور دیگر معززین موجود تھے۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande