علی گڑھ, 20 ستمبر (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے صحت عامہ کے تئیں اپنی انسانی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کی قیادت میں پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان اور رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر سمیت سینئر عہدیداروں کے ہمراہ تپ دق کے 100مریضوں کو گود لیا۔ شعبہ تپ دق و امراض تنفس کے صدر پروفیسر محمد شمیم نے بتایا کہ اس پروگرام کا مقصد تپ دق کے 100 مریضوں کو ان کے علاج اور فالو اپ کے دوران بھرپور دیکھ بھال و نگرانی کے ساتھ ”پوشن پوٹلی“ کی شکل میں ضروری مقوی غذائیں فراہم کرنا ہے۔
یہ اقدام تپ دق سے نمٹنے کے لیے ہمدردانہ طبی دیکھ بھال اور باہمی تعاون کی کوششوں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ اس قدم کے ساتھ، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے ہیلتھ کیئر اور تعلیم و تحقیق کے ذریعے معاشرے کی خدمت کے اپنے مشن کا اعادہ کیا اور اس بات کی مثال قائم کی کہ تعلیمی ادارے قومی صحت کی ترجیحات میں کس طرح اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ