راہل گاندھی کا وزیر اعظم کو خط، پنجاب کے سیلاب متاثرین کے لیے جامع راحت پیکج کا مطالبہ
نئی دہلی، 18 ستمبر (ہ س) لوک سبھا میں لیڈر حزب اختلاف راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو پنجاب میں سیلاب سے متعلق ایک خط لکھ کر کہا ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے اعلان کردہ 1600 کروڑ روپے کی ابتدائی امدادی رقم نقصان کے مقابلے میں ناکافی ہے۔
اپنے خط میں راہل گاندھی نے لکھا کہ سیلاب سے 400,000 ایکڑ پر دھان کی فصلیں برباد ہوگئی ہیں اور 10 لاکھ سے زیادہ جانور ہلاک ہو گئے ہیں۔ لاکھوں لوگ، خاص طور پر پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے بے گھر ہو چکے ہیں۔ ہزاروں ایکڑ اراضی اب بھی زیر آب ہے اور گاوں کا مواصلاتی رابطہ منقطع ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ اپنے دورے کے دوران انہوں نے لوگوں کے دکھوں کو قریب سے دیکھا۔ مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب کے عوام نے باہمی تعاون اور انسانی ہمدردی کی مثال قائم کی ہے۔ لوگ اپنے گھر اجنبیوں کے لیے کھول رہے ہیں اور اپنے محدود وسائل سے مدد کر رہے ہیں۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے پنجاب کو کم از کم 20,000 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے اور مرکزی حکومت کو اس بحران سے نمٹنے کے لیے ’’بولڈر رسپانس‘‘ یعنی مزید ٹھوس اقدامات کرنے چاہئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر نقصانات کا جائزہ لے اور ایک جامع راحت پیکج فراہم کرے۔
راہول گاندھی نے کہا، ’’پنجاب پھر سے اٹھ کھڑا ہوگا، لیکن اس مشکل وقت میں، ہمیں ہر کسان، ہر فوجی اور ہر خاندان کو یقین دلانا چاہیے کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔‘‘
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن