نئی دہلی، 18 ستمبر (ہ س)۔ مرکزی وزیر جنگلات اور ماحولیات بھوپیندر یادو اور دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی موجودگی میں 70 سے زیادہ ممالک کے 75 سفیروں، ہائی کمشنروں اور مشنوں کے سربراہوں نے جمعرات کو ایک پیڑ ماں کے نام مہم کے تحت اپنی ماؤں کے نام پر پودے لگائے۔ یہ شجرکاری پروگرام دہلی کے پی بی جی گراؤنڈ میں وزیر اعظم نریندر مودی کے یوم پیدائش پر شروع کی گئی سیوا پکھواڑا کے ایک حصے کے طور پر منعقد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر دہلی کے وزیر ماحولیات منجندر سنگھ سرسا بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے صحافیوں کو بتایا کہ 70 ممالک کے سفارت کاروں نے اپنی ماؤں کے نام پر دہلی میں پیڑ لگائے۔ یہ منظر بتاتا ہے کہ ماں سے رشتہ نہ زبان کا پابند ہوتا ہے نہ سرحدوں کا۔ ماں کا نام لیا جائے تو ساری زمین ایک ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک پیڑ ماں کے نام 2.0 مہم، جو وزیر اعظم مودی کے یوم پیدائش پر شروع کی گئی سیوا پکھواڑا کا حصہ ہے، نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کا پیغام دیتی ہے بلکہ ماں اور دھرتی دونوں کے لیے ہماری شکر گزاری کی علامت بھی ہے۔ دہلی حکومت اس سال 70 لاکھ پیڑ لگانے کے عہد کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے سب پر زور دیا کہ وہ اپنی ماں کے نام پر پیڑ لگائیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی