نئی دہلی، 18 ستمبر (ہ س)۔ الیکشن کمیشن نے آج پریس کانفرنس میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے الزامات کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔ کمیشن نے واضح کیا کہ بغیر سماعت کے ووٹر لسٹ سے کسی کا نام نہیں نکالا جا سکتا اور وہ بھی آن لائن میڈیم کے ذریعے۔ ایسی کوشش 2023 میں کی گئی تھی جس پر کمیشن نے خود ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ راہل گاندھی نے آج کانگریس ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں الزام لگایا کہ کرناٹک کے ایک اسمبلی حلقہ سے 6 ہزار سے زیادہ لوگوں کے ووٹوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔ اس پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ راہل گاندھی کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔ کوئی عام شہری کسی کا ووٹ آن لائن ڈیلیٹ نہیں کر سکتا۔ نیز، متاثرہ شخص کو سننے کا موقع دیئے بغیر ووٹ کو حذف نہیں کیا جا سکتا۔ پریس کانفرنس میں راہل کی طرف سے دی گئی مثال کا حوالہ دیتے ہوئے کمیشن نے کہا کہ 2023 میں الند اسمبلی حلقہ میں رائے دہندوں کے ناموں کو حذف کرنے کی کچھ ناکام کوششیں کی گئی تھیں اور الیکشن کمیشن نے خود اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ کمیشن نے نوٹ کیا کہ کانگریس لیڈر بی آر پاٹل (کانگریس) نے 2023 میں الند اسمبلی حلقہ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس سے قبل 2018 میں بی جے پی کے سبھادھ گٹیدار نے وہاں کامیابی حاصل کی تھی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی