نئی دہلی، 17 ستمبر (ہ س) ہندوستانی اسپنر ورون چکرورتی نے آئی سی سی مردوں کی ٹی۔20 بین الاقوامی بولنگ رینکنگ میں نمبر ایک پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ انہوں نے یہ کارنامہ ایشیا کپ (یو اے ای) میں اکنامک باؤلنگ کرنے کے بعد حاصل کیا۔
34 سالہ چکرورتی یہ مقام حاصل کرنے والے تیسرے ہندوستانی کھلاڑی بن گئے۔ جسپریت بمراہ اور روی بشنوئی پہلے نمبر 1 پر فائز ہیں۔ چکرورتی نے متحدہ عرب امارات کے خلاف دو اوور میں صرف چار رن کے عوض ایک وکٹ اور پاکستان کے خلاف چار اوور میں 24 رن کے عوض ایک وکٹ حاصل کی، جس سے انہیں تین مقام کی چھلانگ لگانے میں مدد ملی۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی کو پیچھے چھوڑ دیا، جو مارچ سے پہلے نمبر پر تھے۔
ایشیا کپ میں دیگر بولرز نے بھی رینکنگ میں بہتری کی ہے۔ سری لنکا کے نووان تھشارا چھ درجے چڑھ کر چھٹے نمبر پر پہنچ گئے۔ پاکستان کے سفیان مقیم چار درجے ترقی کر کے 11 ویں، ابرار احمد 11 درجے ترقی کر کے 16 ویں اور بھارت کے اکشر پٹیل 12 ویں اور کلدیپ یادیو 23 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ افغانستان کے نور احمد آٹھ درجے ترقی کر کے 25ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
تیز گیند بازوں میں جسپریت بمراہ (چار مقام اوپر، 40 ویں)، بنگلہ دیش کے تنظیم حسن (پانچ مقام اوپر، 42 ویں)، انگلینڈ کے جوفرا آرچر (تین مقام اوپر، 13 ویں) اور جنوبی افریقہ کے مارکو جانسن (پانچ مقام اوپر، 38 ویں) بھی ترقی کر گئے ہیں۔
بیٹنگ کی درجہ بندی
بھارت کے نوجوان اوپنر ابھیشیک شرما نے ٹی۔20 بیٹنگ رینکنگ میں اپنی نمبر ون پوزیشن کو مزید مستحکم کر لیا ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے خلاف 16 گیندوں پر 30 اور پاکستان کے خلاف 13 گیندوں پر 31 رن بنائے جس سے 55 ریٹنگ پوائنٹس حاصل کرکے 884 تک پہنچ گئے۔
انگلینڈ کے اوپنرز فل سالٹ اور جوس بٹلر ایک ایک مقام آگے بڑھ کر بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ سالٹ کی جنوبی افریقہ کے خلاف 60 گیندوں پر ناقابل شکست 141 رن انگلینڈ کی ٹی۔20 کی تیز ترین سنچری بنی ہوئی ہے۔ بٹلر کے 30 گیندوں پر 83 رن نے انہیں کیریئر کی بہترین درجہ بندی 794 تک پہنچانے اور پہلی بار ٹاپ تھری میں جگہ بنانے میں مدد کی۔
دیگر بلے بازوں میں سری لنکا کے پاتھم نسانکا (6ویں)، جنوبی افریقہ کے ڈیولڈ بریوس (11ویں)، افغانستان کے رحمن اللہ گرباز (19ویں)، یو اے ای کے محمد وسیم (20ویں)، جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم (30ویں)، ہندوستان کے شبمن گل (39ویں) اور پاکستان کے صاحبزادہ فرحان (5ویں) 5ویں نمبر پر ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی