جموں،17 ستمبر(ہ س)۔
ضلع پولیس ڈوڈہ نے عوامی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع کے مختلف علاقوں سے موصول ہونے والی گمشدہ موبائل فونز کی رپورٹس پر مؤثر کارروائی کرتے ہوئے تقریباً نو لاکھ روپے مالیت کے 57 گمشدہ موبائل فونز بازیاب کر کے اصلی مالکان کے حوالے کر دیے ہیں۔ ایس ایس پی ڈوڈہ، سندیپ مہتا نے بتایا کہ پولیس عوامی مسائل کے حل اور خدمتِ عوام کے لیے ہر وقت سرگرم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چند ماہ قبل موبائل فونز کی گمشدگی کی متعدد رپورٹس موصول ہوئیں، جن پر فوری اور منظم تحقیقات کے بعد نہ صرف ریاستی بلکہ بیرونِ ریاست سے یہ فونز بازیاب کیے گئے۔ آج تمام مالکان کو بلا کر ان کے قیمتی موبائل فونز اُن کے حوالت کر دیے گئے، جس پر مالکان نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ اب تک ضلع پولیس ڈوڈہ نے مجموعی طور پر 247 گمشدہ موبائل فونز بازیاب کیے ہیں جن کی مجموعی مالیت تقریباً 48 لاکھ روپے بنتی ہے۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ وزارتِ ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری کردہ درجہ بندی میں ضلع ڈوڈہ کی سائبر سیل یونٹ نے پہلے مقام کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائبر سیل کے قیام سے اب تک مجموعی طور پر 276 گمشدہ موبائل فونز بازیاب کیے جا چکے ہیں، جو ضلع پولیس کی مستقل محنت اور عوامی خدمت کا مظہر ہے۔عوامی حلقوں نے پولیس کی اس شاندار کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ پولیس نے نہ صرف قیمتی اشیاء واپس کیں بلکہ عوام کی کھوئی ہوئی امیدوں کو بھی بحال کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر