بھوپال، 16 ستمبر (ہ س)۔
وزیر اعظم نریندر مودی 17 ستمبر کو اپنے یوم پیدائش کے موقع پر ملک کے پہلے پی ایم مترا پارک کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ مدھیہ پردیش کے دھار ضلع کے بھینسولا گاوں میں 2158 ایکڑ کے رقبے میں بنائے جانے والے ملک کے پہلے پی ایم مترا پارک میں 114 معروف ٹیکسٹائل کمپنیوں سے 23 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی تجاویز موصول ہوئی ہیں۔ ان تجاویز میں سے 91 کمپنیوں کی درخواستوں کو منظور کرتے ہوئے 1294 ایکڑ سے زائد اراضی الاٹ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ سنگ بنیاد رکھنے کے پروگرام کی تیاریوں کے لیے ضلع اور پولیس انتظامیہ سمیت بھوپال کے اعلیٰ حکام کی نگرانی میں جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو خود اس پروگرام کی مکمل جانکاری لے رہے ہیں۔
وزیر اعظم مودی اس موقع پر سوستھ ناری، سشکت پریوار(صحت مند خواتین، مضبوط خاندان) مہم اور ’’سمن سخی‘‘ چیٹ بوٹ کا آغاز کریں گے۔ وہ قبائلی سیلف ہیلپ گروپس سے دیسی مصنوعات کی خریداری اور یو پی آئی سے ادائیگی، سیوا پرو اور آدی کرمایوگی مہم کا آغاز کریں گے۔ وزیر اعظم مودی ’’ایک بغیہ ماں کے نام‘‘ مہم کے تحت خواتین استفادہ کنندگان میں پودے بھی تقسیم کریں گے، ایک کروڑ سکل سیل کارڈ تقسیم کریں گے اور سودیشی پکھواڑے کا آغاز کریں گے۔ لاڈلی بہنیں، سیلف ہیلپ گروپس کے سواستھ اور سواولمبن اسکیموں کے مستفیدین سمیت ٹیکسٹائل اور گارمنٹس سیکٹر کے سرکردہ کاروباری افراد، نوجوان صنعت کار، خواتین کاروباری اور استفادہ کنندگان پروگرام میں شریک ہوں گے۔
2300 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ دھار کے اے ایس پی وجے داوڑ نے کہا کہ پی ایم مترا پارک کا ہر حصہ پولیس کی مکمل نگرانی میں ہے۔ 70 اسپیشل پولیس افسران بشمول 40 ڈی ایس پیز، 20 اے ایس پی سطح کے افسران اور 2300 پولیس اہلکار یہاں تعینات ہوں گے۔ پی ایم مترا پارک کے قیام میں اب تک 91 کمپنیوں نے 23,000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی ہے، جس کو 1294 ایکڑ زمین الاٹ کی گئی ہے۔ یہاں 220 کے وی اے کا سب اسٹیشن قائم کیا جا رہا ہے جبکہ 20 ایم ایل ڈی کامن ایفلوئنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ، 10 ایم وی اے سولر پاور پلانٹ کے ساتھ ہی 95750 مربع میٹر کے رقبے پر پھیلے 81 پلگ اینڈ پلے یونٹس، دو سنٹرلائزڈ اسٹیم بوائلر اور پائپ لائن نیٹ ورک کے ساتھ ساتھ ورکرز اور خواتین ملازمین کے لیے رہائش کے انتظامات کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
حکومت نے 17 ستمبر کو وزیر اعظم مودی کے اندور اور دھار اضلاع کے مجوزہ دورے کے استقبال، الوداعی اور مہمان نوازی کے انتظامات کے لیے ایک ’’منسٹر ان ویٹنگ‘‘ کو نامزد کیا ہے۔ جاری کردہ حکم کے مطابق شہری ترقیات اور ہاوسنگ وزیر کیلاش وجے ورگیہ کو بدناور ضلع دھار کا منسٹر ان ویٹنگ نامزد کیا گیا ہے۔ اسی طرح آبی وسائل وزیر تلسی رام سلاوٹ کو اندور میں منسٹر ان ویٹنگ بنایا گیا ہے۔ یہ تقرری ریاستی حکومت نے وزیر اعظم کے دورہ کے دوران تمام پروٹوکول، استقبال اور انتظامات کو یقینی بنانے کے مقصد سے کی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن