جموں، 16 ستمبر (ہ س)۔
جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں لیڈر آف اپوزیشن سنیل شرما نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے ملاقات کی اور یونین ٹریٹری میں جاری سیاسی اور سیکورٹی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر سنیل شرما نے وزیر داخلہ کو حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے آگاہ کیا اور متاثرہ علاقوں کی جامع زمینی رپورٹ پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں امن و استحکام کے قیام کے لیے مؤثرحکمرانی، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور عوامی شرکت کو یقینی بنانا نہایت ضروری ہے۔
شرما نے داخلی سلامتی کی صورتحال پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی اور ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے مربوط اور فوری اقدامات کی اہمیت پر زور دیا تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں کا مشاہدہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ سڑکیں، اسکول، صحت کی سہولیات، مکانات، فصلیں شدید نقصان کا شکار ہو چکی ہیں جبکہ سینکڑوں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے فوری ریلیف اور منظم بحالی پروگرام کے ساتھ ساتھ طویل مدتی کلائمٹ ریزیلینٹ انفراسٹرکچر، جدید ڈیزاسٹر رسپانس میکانزم اور ابتدائی وارننگ سسٹم کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ سنیل شرما نے متاثرہ علاقوں میں پارٹی کارکنان کی جانب سے جاری ریلیف سرگرمیوں سے بھی وزیر داخلہ کو آگاہ کیا تاکہ متاثرین کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے یقین دہانی کروائی کہ وفاقی حکومت جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور صوبے میں سلامتی، سیاسی استحکام اور آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر