دہرادون میں شدید بارش نے ہرطرف تباہی مچا دی،گرین ویلی پی جی کی دیوار گرنے سے طالب علم کی موت
دہرادون، 16 ستمبر (ہ س)۔ اتراکھنڈ میں شدید بارش نے ہرطرف تباہی مچا رکھی ہے۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے مسوری-دہرا دون سڑک کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہوگئی ہے۔ دہرادون ضلع میں بھاری نقصان ہوا ہے۔ یہاں پی جی کی دیوار گرنے سے ایک طالب علم ک
بارش


دہرادون، 16 ستمبر (ہ س)۔ اتراکھنڈ میں شدید بارش نے ہرطرف تباہی مچا رکھی ہے۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے مسوری-دہرا دون سڑک کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہوگئی ہے۔ دہرادون ضلع میں بھاری نقصان ہوا ہے۔ یہاں پی جی کی دیوار گرنے سے ایک طالب علم کی موت ہوگئی۔ وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ نے وزیر اعلیٰ سے فون پر بات کی ہے اور صورتحال کے بارے میں دریافت کیا ہے۔

منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے فون پر وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی سے اتراکھنڈ میں شدید بارش کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے ریاست کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کی رہنمائی اور تعاون سے ریاست میں امدادی کام تیزی سے جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں انتظامی مشینری پوری تیاری کے ساتھ متحرک ہے اور ریسکیو اور ریلیف کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔

موسلادھار بارش کی وجہ سے دہرادون کے کینٹ علاقے میں سپلائی چوک سے کیماڑی، گالجواڑی اور غازی والا جانے والی سڑک پر گھٹی کھولا پل کے قریب سڑک کا ایک حصہ دریا کے تیز بہاؤ کی وجہ سے ٹوٹ گیا ہے، جس کی وجہ سے سڑک پر ٹریفک مکمل طور پر درہم برہم ہوگئی ہے۔ کلسی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے چکراتہ روڈ پر جاجرہاٹ میں سڑک بند ہے۔ ملبہ ہٹا کر ٹریفک کو رواں دواں بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ رانی پوکھری علاقے کے تحت شیلا کی چوکی، گدول، سوردھادھر اور سنگاؤں گاؤں کو جانے والی سڑک مکمل طور پر بند ہے۔

اس کے علاوہ موسلادھار بارش کی وجہ سے مسوری-دہرہ دون روڈ پر کئی مقامات پر ملبے کے سبب سڑک مکمل طور پر بند ہے۔ پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر سڑک کو کھولنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انتظامیہ نے مسوری آنے والے سیاحوں سے گزارش کی ہے کہ وہ سڑک کے کھلنے تک سڑک پر نہ آئیں۔ دہرادون-پونٹا قومی شاہراہ پر پریم نگر نندا کی چوکی کے قریب پل کا ایک حصہ ٹوٹ گیا ہے، جس کی وجہ سے سڑک پر ٹریفک مکمل طور پر درہم برہم ہوگئی ہے۔ دہرادون سے وکاس نگر جانے والی ٹریفک کو پنڈت واڑی رانگڑ والا تیراہا سے اور وکاس نگر سے دہرادون آنے والی ٹریفک کو سنگھنی والا تیراہا سے موڑ دیا جا رہا ہے۔ سیکورٹی کے پیش نظر پل کے دونوں اطراف پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ دہرادون ضلع کے بھاری بارش سے متاثرہ علاقوں کا مسلسل معائنہ کر رہے ہیں۔ ان کے ساتھ مقامی ایم ایل اے اور سینئر عہدیدار موجود ہیں۔ وزیراعلیٰ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کسی بھی متاثرہ خاندان کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے اور امدادی سامان، محفوظ قیام، خوراک، پانی اور صحت کی سہولیات فوری فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ دھامی نے کہا کہ انتظامیہ پہلے ہی الرٹ موڈ پر ہے اور این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، پولیس اور مقامی انتظامیہ مسلسل متحرک ہیں۔

پی جی کی دیوار گرنے سے طالب علم کی موت

اس دوران ڈی آئی ٹی کالج، دہرادون کے قریب گرین ویلی پی جی میں رہنے والے ایک طالب علم کی وہاں دیوار گرنے سے موت ہو گئی۔ دیوار گرنے کے بعد طالب علم ندی میں بہہ گیا۔ سب انسپکٹر منوج راوت کی قیادت میں ایس ڈی آر ایف کی ٹیم موقع پر پہنچی اور طالب علم کی لاش کو دریا سے باہر نکالا۔ طالب علم کی شناخت کیفی ولد افضل، عمر 20، ساکن گاؤں سراوانی بابو گڑھ، ہاپوڑ چھاؤنی کے طور پر کی گئی ہے۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande