ممبئی
، 12 ستمبر(ہ س)۔
ممبئی ٹرین بم دھماکوں کے مقدمے میں
2015 میں بری قرار دیے گئے واحد ملزم عبدالواحد شیخ نے اپنی ناحق قید کے لیے 9
کروڑ روپے معاوضے کا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے یہ اپیل قومی انسانی حقوق کمیشن اور
مہاراشٹر اسٹیٹ ہیومن رائٹس کمیشن کو پیش کی ہے۔شیخ نے یہ
مطالبہ اس سال جولائی میں اس وقت کیا جب بامبے ہائی کورٹ نے مقدمے میں شامل تمام
12 ملزمان کو بری قرار دے دیا۔ عدالت نے کہا تھا کہ استغاثہ کیس ثابت کرنے میں
بالکل ناکام رہا۔
شیخ، جو
ایک اسکول میں تدریس کے فرائض انجام دیتے تھے، کو 2006 میں ممبئی کی لوکل ٹرینوں میں
ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کے بعد گرفتار کیا گیا۔ ان دھماکوں میں سات مقامات
پر زبردست دھماکے ہوئے، جن کے نتیجے میں 180 سے زیادہ افراد لقمۂ اجل بنے جبکہ سیکڑوں
شدید زخمی ہوئے۔
اپنی اپیل
میں شیخ نے تفصیل سے بتایا کہ جیل میں نو سال کے دوران انہیں جسمانی و ذہنی اذیتیں
سہنی پڑیں، جس سے صحت پر گہرے اثرات مرتب ہوئے اور خاندان کو مالی بربادی کا سامنا
کرنا پڑا۔
ہندوستھان
سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے