نئی دہلی، 31 اگست (ہ س)۔ بھارت کی معروف سماجی تنظیم ایجوکیٹ گرلز کو رامن میگسیسے ایوارڈ 2025 سے نوازا گیا ہے۔ اس کا اعلان اتوار کو کیا گیا۔ یہ اعزاز باضابطہ طور پر 7 نومبر 2025 کو فلپائن کے دارالحکومت منیلا کے میٹروپولیٹن تھیٹر میں منعقد ہونے والی 67ویں رامون میگسیسے ایوارڈ تقریب میں دیا جائے گا۔
ایجوکیٹ گرلز کی بانی سفینہ حسین نے اتوار کو کہا کہ یہ ایوارڈ لڑکیوں اور نوجوان خواتین کی تعلیم کے حوالے سے معاشرے کے غیر معقول ثقافتی تصورات کو چیلنج کرنے، انہیں ناخواندگی سے نجات دلانے اور انہیں ہنر، ہمت اور خود انحصاری فراہم کرنے کے لیے ایجوکیٹ گرلز کو دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایجوکیٹ گرلز تنظیم اب اس شاندار سلسلے کا حصہ بن گئی ہے جس میں ستیہ جیت رے، ایم ایس۔ سبا لکشمی، کرن بیدی، ونوبا بھاوے، دلائی لامہ، مدر ٹریسا اور آسکر جیتنے والے حیاو میازاکی شامل ہیں۔
سفینہ حسین نے کہا کہ یہ کامیابی ہماری ٹیم، لڑکیوں کے رضاکاروں، شراکت داروں، معاونین اور سب سے زیادہ ان لڑکیوں کے نام ہے جنہوں نے اپنی سب سے بڑی طاقت یعنی تعلیم دوبارہ حاصل کی ہے۔ آنے والے دس سالوں میں ایجوکیٹ گرلز کا مقصد ایک کروڑ سے زیادہ سیکھنے والوں تک پہنچنا ہے۔ اب ہندوستان کے اس ماڈل کو دنیا کے دیگر حصوں میں شیئر کرنے کا منصوبہ ہے، تاکہ ہر لڑکی کو تعلیم کا حق مل سکے۔ ہمیں یقین ہے کہ جب ایک لڑکی پڑھتی ہے تو اس کا اثر صرف اس کی زندگی تک ہی محدود نہیں رہتا، وہ اپنے ساتھ پورے معاشرے کو آگے لے جاتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد